چین کی وزارت خارجہ نے اتوار کے روز ایران میں جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ بیجنگ نے تمام فریقین خصوصاً اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کریں۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاکہ "بیجنگ ایران پر امریکہ کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور اسے اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی سمجھتا ہے”۔
چینی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ ایران میں ان جوہری تنصیبات پر حملہ کیا گیا ہے جو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی نگرانی میں کام کر رہی تھیں اور یہ اقدام خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دے گا۔
بیان کے مطابق "یہ کارروائی نہ صرف اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے بھی شدید خطرہ ہے”۔
چینی حکومت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر صورت حال کو قابو میں لانے کے لیے اقدامات کرے اور خطے کو مزید کشیدگی سے بچائیں۔