نتائج ظاہر ہونے کے بعد ممدانی نے کہا کہ میں نیویارک کے ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد شہریوں کی حمایت پر ان کا شکر گزار ہوں۔ ہم ایک ایسی شہری حکومت جیتیں گے جو محنت کش لوگوں کو ترجیح دے گی۔ہند نژاد امیدوار ظہران ممدانی نے نیویارک شہر کے ڈیموکریٹک میئر پرائمری انتخابات میں زبردست جیت حاصل کی ہے۔ منگل کو نئے ووٹوں کی گنتی کے بعد، سابق گورنر اینڈریو کومو کے خلاف ممدانی کی شاندار فتح یقینی ہوگئی اور پرائمری انتخابات کا مرحلہ پار کرتے ہوئے وہ عام انتخابات میں پہنچ گئے۔ شہر کی رینکڈ چوائس ووٹنگ کے نتائج منگل کو جاری کئے گئے اور اس میں ممدانی کو کومو کے مقابلے ۱۲ فیصد پوائنٹس کی برتری حاصل تھی۔
نتائج ظاہر ہونے کے بعد ایک بیان میں ممدانی نے پرائمری میں ملنے والی حمایت پر شکر گزار ہونے کا اظہار کیا اور اپنی توجہ عام انتخابات کی طرف مبذول کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ منگل کو ڈیموکریٹس نے ایک واضح آواز میں بات کی اور کم مہنگائی والے شہر شہر، مستقبل کی سیاست اور بڑھتی ہوئی آمریت کے خلاف لڑنے سے نہ ڈرنے والے لیڈر کو فتح دلائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نیویارک کے ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد شہریوں کی حمایت پر ان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہماری مہم کیلئے ووٹ دیا۔ میں اس اتحاد کو مزید وسعت دینے کیلئے پرجوش ہوں جب ہم ایرک ایڈمز کو شکست دیں گے اور ایک ایسی شہری حکومت بنائیں گے جو محنت کش لوگوں کو ترجیح دے گی۔