تجارتی تجزیہ کاروں کے مطابق عامر خان کی فلم ’’ستارے زمین پر‘‘ ۳؍ ہزار ۲۵۰؍ اسکرینوں پر ریلیز ہورہی ہے اور پہلے دن مجموعی طور پر ۷؍ سے ۱۱؍ کروڑ روپے تک کا کاروبار کرسکتی ہے۔

عامر خان کی ’’ستارے زمین پر‘‘ ۲۰؍ جون ۲۰۲۵ء (جمعہ) کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ مختلف رپورٹس کے مطابق ’’ستارے زمین پر‘‘ باکس آفس پر پہلے دن ۷؍ کروڑ سے ۱۱؍ کروڑ روپے تک کاکاروبار کرسکتی ہے۔ پنک ولا کے مطابق، یہ فلم ہندوستان میں پی وی آر پکچرس کی طرف سے تقسیم کی جا رہی ہے جو اب ۳؍ ہزار ۲۵۰؍ اسکرینوں پر ریلیز ہوگی۔ واضح رہے کہ ابتدائی طور پر فلمسازوں نے اسے تقریباً ایک ہزار سے ۱۵۰۰؍ اسکرینوں پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم، آخری لمحات میں حکمت عملی بدل دی گئی۔ جمعرات کی دوپہر ایک بجے تک ’’ستارے زمین پر‘‘ کے تقریباً ۲۰؍ ہزار ٹکٹ پی وی آر، آئی ناکس اور سینی پولس میں فروخت ہوئے۔ پی وی آر آئی ناکس میں مجموعی طور پر ۱۶؍ ہزار ۵۰۰؍ ٹکٹ فروخت ہوئے۔