سیکورٹی، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کیلئے بھی انتظامات مکمل
جلوسوں کے راستوں کی صفائی اور طبی امداد کے خصوصی انتظامات
امن و رواداری کے فروغ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی جامع حکمت عملی تیار
لاہور( فرزانہ چوہدری) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیر قیادت ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے مقدس مہینے اور یوم عاشور کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔ انتظامیہ کا بنیادی مقصد امن و امان کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے عزاداران اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں تمام تیاریوں کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے، جس میں سیکورٹی، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے نیاز بیگ اور ایوان حیدر امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور وہاں کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، اسسٹنٹ کمشنر علامہ اقبال ٹاؤن اور پولیس حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر علامہ اقبال ٹاؤن خواجہ محمد عمیر محمود نے ڈپٹی کمشنر کو انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ عاشورہ سے قبل تمام جلوسوں کے راستوں کی مکمل صفائی یقینی بنائی جائے گی۔ عزاداران کی سہولت کے لیے جلوسوں کے روٹس پر "کلینک آن ویلز” اور پانی کی سبیلیں لگائی جائیں گی تاکہ شرکاء کو بروقت طبی امداد اور پانی فراہم کیا جا سکے۔ پانی اور طبی امداد کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے اس موقع پر زور دیا کہ امن و رواداری کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے منتظمین سے اپیل کی کہ وہ امن کے سفیر کے طور پر اپنا کردار ادا کریں اور تمام شہریوں کے ساتھ مل کر بھائی چارے کی فضا قائم کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کیں کہ جلوسوں کے روٹس سے تمام رکاوٹیں فوری طور پر ہٹائی جائیں تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ محرم کے تقدس کا خاص خیال رکھیں اور سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ سید موسیٰ رضا نے خبردار کیا کہ انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی کے ساتھ ادا کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری کنٹرول روم کے نمبر 03070002345 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔