اسلام آباد: (محمد سلیم سے)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، گیس کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے ہوگا۔
ترجمان اوگرا کے مطابق گیس کی قیمت میں اضافے کا اطلاق گھریلو صارفین پر نہیں ہوگا، گھریلو صارفین کے لیے صرف ماہانہ فکسڈ چارجز میں اضافہ کیا گیا ہے
نوٹیفکیشن کے مطابق پروٹیکٹڈ صارفین کے لیےگیس کے فکسڈ چارجز 400 سےبڑھا کر 600 روپے جبکہ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکسڈ چارجز ایک ہزار سے بڑھا کر 1500 روپے کردیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ گیس کھپت 15مکعب میٹر سے زائد ہونےکی صورت میں فکسڈ چارجز ایک ہزارروپے اضافے سے 3 ہزار روپے کردیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق روٹی تندور،کمرشل، جنرل انڈسٹری، سی این جی سیکٹر، سیمنٹ اور کھاد کے شعبے کے لیے گیس کی قیمتیں تبدیل نہیں کی گئیں۔
اوگرا ترجمان نے بتایا کہ بلک صارفین، پاور سیکٹر اورانڈسٹری کے لیےگیس کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں جبکہ گیس کے گھریلو صارفین کے فکسڈ چارجز میں اضافہ ہوگا۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق پاور پلانٹس کے لیےگیس 16.66فیصد منہگی کی گئی ہے۔
بجلی کارخانوں کے لیےگیس کی قیمت 175روپےفی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کے بعد 1225روپےفی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔
جنرل اندسٹری کے لیےگیس کی قیمت 150روپےفی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کے بعد 2300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کیپٹیو پاور پلانٹس کے لیےگیس قیمت 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے