نیو یارک سٹی کے ڈیموکریٹ میئر کے نامزد امیدوار ظہران ممدانی نے پریس میٹ میں کہا کہ اگر ارب پتی نیویارک شہر کا جانا چاہتے ہیں تو جائیں، غالباً ہمیں ان کی ضرورت بھی نہیں ہے۔ تاہم، مَیں چاہتا ہوں کہ ہم سب مل کر شہر کو بہتر بنانے کی کوشش کریں۔
نیو یارک سٹی کے ڈیموکریٹ میئر کے نامزد امیدوار ظہران ممدانی کو ہر طرف سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کے اتحادیوں، ہیج فنڈ مینیجر بل ایک مین اور ریپر ففٹی سینٹ کو اپنا واضح دشمن بنانے کے بعد ہند نژاد امریکی رکن اسمبلی نے ارب پتیوں کے خلاف اپنا موقف پھر دہرایا ہے۔ اتوار کو این بی سی نیوز کے ’’میٹ دی پریس‘‘ میں ظہران نے کہا کہ ’’مجھے نہیں لگتا کہ ہمارے پاس ارب پتی ہونے چاہئیں۔ وہ اس لئے کہ اس طرح کی عدم مساوات مَیں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ کوئی بہت امیر ہے تو کوئی بہت غریب۔ ہمیں جس چیز کی زیادہ ضرورت ہے وہ ہمارے شہر اور ہماری ریاست اور پورے ملک میں برابری ہے۔‘‘ اپنے ارب پتی مخالف موقف کے باوجود ظہران نے ایک ایسا شہر بنانے کیلئے جہاں سبھی برابر ہوں، سب کے ساتھ ساتھ نیو یارک کے امیروں کے ساتھ تعاون کرنے کی امید ظاہر کی۔