مصر میں ایک افسوس ناک واقعے میں شمالی صوبے البحیرہ میں آج جمعے کے روز ایک ٹرین ڈرائیور دورانِ ڈیوٹی اچانک انتقال کر گیا۔
ٹرین کے اسسٹنٹ ڈرائیور کے مطابق ٹرین کے بدر اسٹیشن پر رکنے کے بعد اچانک ڈرائیور کو غشی کا دورہ پڑا اور وہ بے ہوش ہو گیا۔ اسے فوری طور پر بدر مرکزی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
محکمہ پولیس البحیرہ کو ریلوے پولیس اسٹیشن کے انچارج کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ المناشی ٹرین کا ڈرائیور، جو ایتای البارود سے بشتيل جانے والی ٹرین چلا رہا تھا، راستے میں بدر کے التحریر اسٹیشن پر رکنے کے بعد وفات پا گیا۔
حکام جب جائے وقوعہ پر پہنچے اور معائنہ کیا، تو معلوم ہوا کہ متوفی کی عمر 43 سال تھی، اور وہ مصر کی قومی ریلوے اتھارٹی کا باقاعدہ ڈرائیور تھا۔ متوفی جیزہ کے العجوزہ علاقے میں رہائش پذیر تھا۔
واضح رہے کہ اس واقعے سے دو دن قبل بدھ کو مقبول عوامی گلوکار احمد عامر بھی اچانک ایک طبی بحران کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ انھیں حالت بگڑنے پر اسپتال لایا گیا، جہاں دو گھنٹوں بعد ان کی موت کی تصدیق ہوئی۔
اس ضمن میں مصر کے قومی ادارۂ قلب کے سابق ڈین، ڈاکٹر جمال شعبان نے جمعرات کو خبردار کیا کہ دل کے دورے اور مہلک شریانوں کی بندش جیسی جان لیوا حالتوں کی علامات اکثر عام جسمانی تکالیف جیسے معدے کی جلن، پیٹ درد اور سینے میں جلنے جیسے احساسات سے ملتی جلتی ہوتی ہیں، جنھیں اکثر لوگ معمولی سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں۔