انجلینا جولی نے غزہ کی سیٹیلائٹ تصاویر شیئر کر دیں، عالمی برادری سے فوری امداد کی اپیل
نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک): ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کی سابق خصوصی سفیر انجلینا جولی نے انسٹاگرام پر غزہ کی جنگ سے پہلے اور بعد کی سیٹیلائٹ تصاویر شیئر کرتے ہوئے وہاں ہونے والی تباہی کو اجاگر کیا اور عالمی برادری سے متاثرین کی فوری مدد کا مطالبہ کیا۔اپنی پوسٹ…
نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک): ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کی سابق خصوصی سفیر انجلینا جولی نے انسٹاگرام پر غزہ کی جنگ سے پہلے اور بعد کی سیٹیلائٹ تصاویر شیئر کرتے ہوئے وہاں ہونے والی تباہی کو اجاگر کیا اور عالمی برادری سے متاثرین کی فوری مدد کا مطالبہ کیا۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ اب ہر کوئی گوگل ارتھ کھول کر دیکھ سکتا ہے کہ غزہ کے ساتھ کیا ہوا۔ ان کے مطابق پورے پورے محلے ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں، جبکہ گھر، اسکول، یونیورسٹیاں، اسپتال، سڑکیں، پانی اور نکاسی آب کا نظام تباہ یا شدید متاثر ہوا ہے۔
جولی نے اقوام متحدہ کے سیٹیلائٹ تجزیے کا حوالہ دیا، جس کے مطابق 16 جون 2026 تک غزہ کی 82 فیصد عمارتوں کو نقصان پہنچ چکا تھا، جبکہ جائزہ لیے گئے ڈھانچوں میں سے تقریباً دو تہائی مکمل طور پر تباہ ہو چکے تھے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ سردیوں سے پہلے 19 لاکھ 80 ہزار افراد، یعنی آبادی کا 94 فیصد، کو پناہ گاہوں اور بنیادی ضروری اشیا کے لیے امداد درکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امدادی سامان اور پناہ گاہوں کی فراہمی اب بھی پابندیوں اور تاخیر کا شکار ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ سیٹیلائٹ تصاویر مادی تباہی تو دکھا سکتی ہیں، مگر وہ اُن خاندانوں کا دکھ نہیں بتا سکتیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا، نہ ہی بچ جانے والوں کی روزمرہ مشکلات بیان کر سکتی ہیں۔ انہوں نے لکھا: “تباہی نظر آ رہی ہے، ضروریات معلوم ہیں، اب اہم بات یہ ہے کہ یہ پوری کی جاتی ہیں یا نہیں۔”
واضح رہے کہ جولی 3 جنوری 2026 کو مصر گئی تھیں اور انسانی ہمدردی کے دورے کے دوران رفح کراسنگ کا بھی دورہ کیا تھا۔
