اسلام آباد:
حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کیلیے دو سطحی کاروباری ماڈل متعارف کرانے کی تجویز تیار کرلی ہے،جس کے تحت کامیاب خریدار کمپنی کے کھمبوں، تاروں اور تقسیم کے بنیادی ڈھانچے کا مالک ہوگا، تاہم بجلی کی فروخت، بلنگ اور وصولیوں سمیت دیگر تجارتی امور نجی شعبے کے دوسرے سرمایہ کاروں کو نیلامی کے ذریعے سونپ سکے گا۔
مجوزہ ماڈل کی منظوری پاور سیکٹر ریفارمز اسٹیٔرنگ کمیٹی اور وفاقی کابینہ سے مشروط ہے۔ اس منصوبے کے تحت حکومت صرف بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے خریدارکو ریگولیٹ کریگی،جسے آخری سہارافراہم کرنیوالاسپلائرقرار دیاجائیگا۔
ابتدائی طور پر فیصل آباد،گوجرانوالہ اور اسلام آبادکی بجلی تقسیم کارکمپنیاں نجکاری کیلیے پیش کی جارہی ہیں۔
مجوزہ نظام کے تحت نجی شعبے کے دیگر سرمایہ کار، جنہیں مسابقتی سپلائرزکہاجائیگا، بجلی کی فراہمی اور فروخت کاکاروبار نسبتاً آزادانہ طور پرکرسکیں گے، تاہم انہیں بجلی کی خریداری کے ساتھ حکومت کے سابقہ معاہدوں کے تحت پیداہونیوالی استعدادِکارکی ادائیگیاں (کیپیسٹی پیمنٹس) بھی متعلقہ صارفین کے تناسب سے اپنے ذمے لیناہوں گی۔
حکومتی تجویز کے مطابق بجلی کے شعبے میں سالانہ تقریباً 1.7کھرب روپے کی کیپیسٹی پیمنٹس کابوجھ صارفین برداشت کررہے ہیں۔
اس ماڈل کے تحت حکومت ان پرانے معاہدوں کی مالی ذمہ داریوں کو نجی سپلائرز تک منتقل کرناچاہتی ہے، تاہم اس کیلیے بجلی کی مختص استعدادکے ساتھ متعلقہ صارفین کابوجھ بھی منتقل کیاجائیگا، نئے نظام سے بجلی کے فی یونٹ نرخوں میں فوری کمی متوقع نہیں ہے۔
کیونکہ صارفین کو بدستور تقریباً 17 روپے فی یونٹ غیر استعمال شدہ پیداواری استعدادکی مد میں اداکرناہونگے، تاہم درمیانی اور طویل مدت میں مسابقتی سپلائرز کو سرکاری طور پر منظور شدہ نرخوں سے کم قیمت پر بجلی فروخت کرنے کی اجازت مل سکے گی،جس سے بتدریج صارفین کو ریلیف ملنے کاامکان ہے۔
نجکاری کمیشن کے عہدیدار کے مطابق اس ماڈل کابنیادی مقصد بجلی کی تقسیم کے نظام کو ریگولیٹڈرکھنااور بجلی کی خرید وفروخت کومسابقتی بنیادوں پر نجی شعبے کیلیے کھولناہے۔
اس طرح بجلی کی خریداری میں سرکاری ادارے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے واحد خریدارکے کردارکوختم کرکے متعدد نجی سپلائرز کو مارکیٹ میں لایاجاسکے گا۔
مجوزہ طریقہ کارکے تحت فیسکوکی نجکاری کے بعد سی پی پی اے جی، فیسکوکیلیے مختص بجلی کی پیداواری استعداد اور اس کے صارفین کا پورٹ فولیو نجی سپلائرز کو نیلام کریگی۔
کامیاب بولی دہندگان بجلی کی خریداری اور متعلقہ صارفین کی فراہمی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

