ضلع خیبر میں 5 بچوں کی پُراسرار بیماری سے ہلاکت کی وجہ سامنے آگئی

2721056 childbody 1728458306


خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے بازار ذخہ خیل میں 5 بچوں کی پراسرار بیماری اور ہلاکتوں کے واقعے سے متعلق اہم انکشاف سامنے آگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر میڈیکل کالج پشاور کے شعبہ فرانزک میڈیسن اینڈ ٹاکسیکالوجی نے متاثرہ بچوں کی فرانزک ٹاکسی کولوجی رپورٹس مکمل کرلیں، جن کے مطابق 7 سالہ بچی کے معدے کے نمونوں میں انتہائی زہریلے کیڑے مار کیمیکل کاربوفیوران (Carbofuran) کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اسی نمونے میں میٹرونڈازول (metronidazole) بھی پایا گیا ہے۔

فرانزک رپورٹ کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونے والی ماریہ دختر شاہ جی سمیت پانچ سالہ انس ولد شاکر اور سات سالہ حانیہ دختر عبدالرحمان کے نمونوں کا تجزیہ مکمل کرلیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حانیہ کے معدے کے نمونوں میں کاربوفیوران کی موجودگی پائی گئی، جو ایک انتہائی زہریلا کیڑے مار کیمیکل ہے۔ اس کے علاوہ میٹرونڈازول کی موجودگی بھی سامنے آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پانچ سالہ انس کے معدے کے نمونوں میں صرف میٹرونڈازول پایا گیا، جبکہ اس کے خون اور پیشاب کے نمونوں میں منشیات اور سکون آور ادویات کی موجودگی نہیں ملی۔ اسی طرح حانیہ کے خون کے نمونوں میں بھی منشیات اور سکون آور ادویات کی تصدیق نہیں ہوئی۔ دونوں بچوں کے معدے کے نمونوں کی جانچ جی سی ایم ایس (GC-MS) طریقہ کار کے ذریعے کی گئی۔

خیبر میڈیکل کالج کے شعبہ فرانزک میڈیسن اینڈ ٹاکسیکالوجی نے تینوں بچوں کی انفرادی رپورٹس ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خیبر کو ارسال کردی ہیں تاکہ مزید ضروری قانونی اور طبی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

دوسری جانب حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد خان کے مطابق لنڈی کوتل سے تعلق رکھنے والے دو بچے اسپتال کے پیڈیاٹرک وارڈ میں زیرِ علاج ہیں اور دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ان کے مطابق سلمان نامی بچے کو بخار کے باعث دورے پڑنے کی تشخیص ہوئی ہے، جبکہ سنان کو سانس کی شدید تکلیف اور جسم میں آکسیجن کی کمی کے باعث حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا تھا۔

بازار ذخہ خیل واقعے میں کاربوفیوران کی موجودگی کی تصدیق نے معاملے کو مزید اہم بنا دیا ہے، تاہم اس کی اصل وجہ، بچوں کی بیماری اور اموات کے ساتھ اس کی ممکنہ وابستگی کا تعین مکمل طبی شواہد اور متعلقہ حکام کی تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہوگا۔





Source link

متعلقہ پوسٹ