اسلام آباد — چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانے کے لیے کان کنی کے پورے ماحولیاتی نظام کی سکیورٹی یقینی بنانے کے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء کے دوسرے روز اسلام آباد میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتی منصوبوں اور اس شعبے سے وابستہ تمام افراد کو مناسب تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو حقیقی معاشی فائدے میں تبدیل کرنا ایک اجتماعی قومی مقصد ہے اور اس کے لیے ملک کو صرف خام معدنیات کی برآمد سے آگے بڑھ کر پراسیسنگ، ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت مکمل ویلیو چین تیار کرنا ہوگا۔
فیلڈ مارشل نے زور دیا کہ معدنی ترقی سے معدنیات سے مالا مال علاقوں کی مقامی آبادی کو بھی براہِ راست فائدہ پہنچنا چاہیے اور عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ ایسی طویل مدتی شراکت داریاں قائم کی جائیں جو پاکستان اور شراکت داروں دونوں کے لیے پائیدار معاشی قدر پیدا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ’’امکان سے پیداوار، وعدوں سے عمل اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ گروتھ‘‘ کی جانب منتقل ہونا چاہیے، تاکہ معدنی شعبہ ملکی معیشت، روزگار اور صنعتی ترقی کے لیے مؤثر بن سکے۔

