ایس سی او مذاکرات: پاکستان آئندہ ہفتے وزیر موسمیات کو انڈیا بھیجے گا

399926 1854718293


پاکستان کے دفتر خارجہ نے ہفتے کو کہا کہ آئندہ ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ثقافتی مکالمے میں شرکت کے لیے پاکستانی وفاقی وزیر نئی دہلی جائیں گے۔

گذشتہ سال دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان فوجی کشیدگی کے بعد یہ کسی پاکستانی اعلیٰ عہدے دار کا انڈیا کا ایک غیر معمولی دورہ ہوگا۔

موسمیاتی تبدیلی کے وفاقی وزیر مصدق ملک کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں دیرینہ حریف ممالک کے درمیان سفارتی روابط محدود ہیں۔

اس سے قبل شنگھائی تعاون تنظیم ایس سی او کے اجلاس میں دونوں ملکوں کے اعلیٰ عہدے دار ایک دوسرے کے ملک جاتے رہے ہیں۔

دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا: ’حکومت پاکستان نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کو 20 سے 22 نومبر 2026 تک نئی دہلی میں ہونے والے ایس سی او تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نامزد کیا ہے۔‘

بیان کے مطابق اس تقریب میں ایس سی او کے رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے اور تہذیبی و ثقافتی امور پر اپنے خیالات کا تبادلہ کریں گے۔

دفتر خارجہ نے کہا: ’حکومت پاکستان باہمی احترام کے جذبے کے تحت ایس سی او کے دائرہ کار میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔‘

انڈین میڈیا کی اکتوبر میں شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق انڈیا نے پاکستان کے وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی کو اس فورم میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

مئی 2025 میں دونوں ملکوں کے درمیان فوجی جھڑپوں کے بعد کسی پاکستانی اعلیٰ عہدے دار کو اس نوعیت کی یہ پہلی دعوت تھی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انڈیا کے وزیر ثقافت گجیندر سنگھ شیخاوت نے رواں ہفتے کے آغاز میں امید ظاہر کی تھی کہ پاکستان اس اجلاس میں شرکت کرے گا، جس کا مقصد ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔

مئی 2023 میں پاکستان کے اس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایس سی او کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے انڈین ریاست گوا کا دورہ کیا تھا۔

وہ تقریباً 12 سال بعد انڈیا کا دورہ کرنے والے پاکستان کے پہلے وزیر خارجہ تھے۔ تاہم اس دورے سے دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہو سکی تھی۔

بعد ازاں انڈیا کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے اکتوبر 2024 میں ایس سی او کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔ وہ نو سال بعد پاکستان آنے والے انڈیا کے پہلے وزیر خارجہ تھے۔

دونوں ملکوں کے درمیان کئی برسوں سے تعلقات کشیدہ ہیں، جس کی ایک بڑی وجہ متنازع ہمالیائی خطہ کشمیر ہے، جس پر دونوں مکمل دعویٰ کرتے ہیں، تاہم اس کے مختلف حصوں کا انتظام دونوں کے پاس ہے۔

مئی 2025 میں دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان کئی برسوں کی شدید ترین فوجی کشیدگی کے بعد تعلقات مزید خراب ہو گئے تھے۔ اس دوران سرحد پار حملے اور فضائی لڑائی ہوئی، جس کا اختتام جنگ بندی کے اعلان پر ہوا۔

تاحال دونوں ملکوں نے نئی دہلی میں ہونے والے اس اجلاس کے موقع پر کسی دوطرفہ مذاکرات کے منصوبے کا اعلان نہیں کیا ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ