امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اتوار تک امریکی فضائی سفر معمول پر آ جائے گا۔
ملک گیر سطح پر پروازوں کی عارضی بندش (گراؤنڈ سٹاپ) کے باعث لاکھوں مسافروں کے پھنس جانے اور دنیا بھر میں فضائی سفر متاثر ہونے کے بعد توقع ہے کہ اتوار کو امریکہ میں فضائی سفر معمول پر آ جائے گا۔
ٹرمپ انتظامیہ نے جمعے کو ہونے والے گراؤنڈ سٹاپ، جس کا مطلب ہے کہ کوئی بھی طیارہ اڑان نہیں بھر سکتا، کی ذمہ داری تانبے کی پرانی مواصلاتی تاروں کی ناقص تبدیلی پر عائد کی ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے سربراہ برائن بیڈفورڈ نے بتایا کہ جمعے کو 12 ہزار پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ فلائٹس کو ٹریک کرنے والی ویب سائٹ ’فلائٹ اویئر‘ کے مطابق ہفتے کو چھ ہزار 600 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔
اتوار کی صبح تک فلائٹ اویئر پر ایک ہزار 200 سے زائد منسوخ شدہ پروازوں کا ریکارڈ درج کیا گیا تھا۔
واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیڈفورڈ نے پیش گوئی کی کہ ’اتوار کے کاروباری اوقات کے اختتام تک‘ پروازوں کا شیڈول مکمل طور پر بحال ہو جائے گا۔
نظام کی خرابی کے دوران ہوائی اڈوں سے سامنے آنے والی فوٹیج میں گیٹس مسافروں سے بھرے نظر آئے، طیارے ٹیکسی ویز پر کھڑے انتظار کرتے رہے اور مسافر معلومات کے حصول کے لیے لاؤنجز میں جمع رہے۔
نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر ہفتے کی صبح اپنی پرواز کا انتظار کرنے والی 48 سالہ لیزا بیریڈ، جو ایک انشورنس کمپنی میں کام کرتی ہیں، نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا: ’تھکاوٹ، بے بسی اور مایوسی۔ ہاں، آپ جانتے ہیں، سب کچھ درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے، ہے نا؟‘
وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے کہا کہ تانبے کی پرانی تار کو تیز رفتار فائبر کیبل میں تبدیل کرنے کے مرمتی کام کے دوران طیاروں کے ساتھ رابطے اور ریڈار فیڈز میں ’مسائل‘ پیدا ہونے کے بعد چار گھنٹے کے گراؤنڈ سٹاپ کا اعلان کیا گیا تھا۔
ڈفی نے صحافیوں کو بتایا کہ ’یا تو ٹھیکیدار کی غلطی سے یا کسی خراب پرزے کی وجہ سے، اس نے ہمارے ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم کے دیگر راؤٹرز پر غیر معمولی دباؤ ڈالنا شروع کر دیا۔‘
ایک اور سبکی اس وقت سامنے آئی جب ہفتے کی پریس کانفرنس جس میں انتظامیہ کے عہدیداروں نے فرسودہ نظام کو جدید بنانے کے لیے مزید فنڈز کی اپیل کی، آڈیو فیڈ میں تکنیکی خرابی کے باعث تاخیر کا شکار ہو گئی۔
معمول پر واپسی
نائن الیون حملوں کے بعد یہ صرف دوسرا موقع تھا کہ دنیا کی مصروف ترین فضائی حدود میں شمار ہونے والی امریکی فضائی حدود میں اس نوعیت کا گراؤنڈ سٹاپ نافذ کیا گیا۔
ملک گیر بندش جمعے کو مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بج کر 15 منٹ (ہفتے کو گرین وچ معیاری وقت کے مطابق ایک بج کر 15 منٹ) پر ختم کر دی گئی۔
ڈفی کے مطابق ایف اے اے حکام نے ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز میں ’مکمل فعالیت بحال کرنے کے بعد‘ فضائی حدود دوبارہ کھول دیں۔
برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے کنزیومر ڈائریکٹر ٹم جانسن نے کہا کہ اگرچہ امریکی پروازیں بحال ہو گئی ہیں، تاہم ایئر لائنز کی جانب سے مسافروں کی دوبارہ بکنگ اور تمام سروسز کو معمول پر لانے کے عمل کے دوران ’کچھ اضافی خلل‘ برقرار رہ سکتا ہے۔
لاگارڈیا ایئرپورٹ پر کچھ مسافر اپنی پروازوں میں مسلسل تعطل کے باوجود دوسروں کی نسبت زیادہ پرامید اور مطمئن دکھائی دیے۔
فورڈ کمپنی کے 62 سالہ ملازم پیٹ کرلیٹ نے کہا کہ ’ہم یہاں اگلے، مجھے نہیں معلوم، شاید 36 گھنٹوں کے لیے پھنس گئے ہیں۔‘
نیویارک سے البوکرکی کے چار مراحل پر مشتمل سفر پر روانہ ہونے کے منتظر 77 سالہ مسافر سٹیون راتھے نے کہا کہ ’کوئی بھی یہ توقع نہیں کرتا کہ پورا ایئر لائن سسٹم ہی بیٹھ جائے گا۔
’ہم خوش قسمت ہیں کہ یہ تعطل زیادہ طویل نہیں ہوا۔ آج پروازیں اڑ رہی ہیں اور میں اس پر شکر گزار ہوں۔‘
پرانا بنیادی ڈھانچہ
اس گراؤنڈ سٹاپ نے نہ صرف امریکی فضائی سفر کو افراتفری سے دوچار کیا بلکہ ملک کے پرانے اور فرسودہ بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے بھی سنگین خدشات کو جنم دیا ہے۔
ڈفی نے ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم کو اپ گریڈ اور جدید بنانے کے لیے 50 ارب ڈالر کے فنڈز کی اپیل کی اور امریکی حکومت کے مالی اختیارات رکھنے والی کانگریس پر زور دیا کہ وہ ’اس وقت کی نزاکت کو سمجھے۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ریاست الینوائے کے گورنر اور ممتاز ڈیموکریٹ رہنما جے بی پرٹزکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جوابی وار کرتے ہوئے لکھا: ’فضول باتیں بند کریں۔ ٹرمپ اور رپبلکنز کا کانگریس پر کنٹرول رہا ہے اور وہ اس نظام کے لیے فنڈز فراہم کر سکتے تھے۔‘
نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچول نے ڈفی سے مستعفی ہونے یا ٹرمپ سے انہیں برطرف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایکس پر لکھا:’ ہم خوش قسمت ہیں کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔‘
امریکی قانون سازوں نے اس بڑے تعطل کی وجوہات جاننے اور اس بات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے کہ آیا ملک سائبر جرائم سے مناسب طور پر محفوظ ہے یا نہیں۔
رپبلکن سینیٹر ایرک شمٹ نے ایکس پر کہا کہ ’اگر آج کے واقعے سے کچھ ثابت ہوتا ہے تو وہ یہ ہے کہ ہمیں اپنے ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم کو جدید بنانے اور ہوائی اڈوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کرنے کی ضرورت ہے۔‘
صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس خرابی کے حوالے سے غیر معمولی طور پر خاموش رہے جس کے امریکہ آنے اور جانے والی بین الاقوامی پروازوں پر بھی اثرات مرتب ہوئے، اور اتوار کی صبح تک انہوں نے اس گراؤنڈ سٹاپ کے بارے میں کوئی عوامی بیان جاری نہیں کیا۔

