وزیراعظم شہباز شریف کا برداشت کے عالمی دن پر پیغام: باہمی احترام اور رواداری کے فروغ پر زور

images 14 10


اسلام آباد، بیورو رپورٹ محمد سلیم سے

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برداشت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر باہمی احترام، پُرامن بقائے باہمی اور انسانی وقار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اختلافات کے باوجود دوسروں کے عقائد، نظریات اور حقوق کا احترام ہی برداشت کا اصل مفہوم ہے۔ انہوں نے اسلامی تعلیمات اور نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو صبر، ہمدردی، عدل اور حسنِ سلوک کا عملی نمونہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان رنگ، مذہب اور طبقۂ فکر کی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کو عزت، تحفظ، یکساں مواقع اور قانون کی نظر میں مساوات کی ضمانت دیتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کا ثقافتی، لسانی اور مذہبی تنوع قومی قوت اور سرمایہ ہے، اور معاشرہ باہمی تعاون اور برداشت سے ہی ترقی کر سکتا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری، اقلیتوں اور کمزور طبقات کے تحفظ، نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام اور انسانی حقوق و امن کی تعلیم پر مبنی قومی لائحۂ عمل پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت ایکٹ 2025 کا نفاذ اقلیتوں کے تحفظ کے قانونی ڈھانچے کو مزید مضبوط بناتا ہے، اور ان قوانین پر مؤثر ادارہ جاتی تحفظ اور انصاف تک بامعنی رسائی کے ذریعے عمل درآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ برداشت اور رواداری کی ابتدا گھر کی تربیت سے ہوتی ہے، جبکہ تعلیمی اداروں، عبادت گاہوں اور معاشرتی حلقوں کا اس میں کلیدی کردار ہے۔
وزیراعظم نے علمائے کرام، اساتذہ، ذرائع ابلاغ، سول سوسائٹی، سرکاری اداروں اور ہر شہری، بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تعصب کو مسترد کریں، باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیں اور نفرت و تشدد کے خلاف تعمیری کردار ادا کریں۔

متعلقہ پوسٹ