جامعات کی حقیقی ترقی کے نئے تصورات

2728026 SalmanAbid 1729368869


عمومی طور پر جامعات کے بارے میں یہ ہی کہا جاتا ہے کہ یہ ادارے تعلیم اور تحقیق سمیت ایک متبادل بیانیہ کی تشکیل کے حامل ہوتے ہیں۔ حکمرانی کے نظام اور ادارہ جاتی ترقی سے منسلک مسائل پر سوچنا اور ایک متبادل سوچ اور فکر کو مکالمہ یا شواہد کی بنیاد پر لانا ان کی بنیادی ذمے داری کے زمرے میں آتا ہے۔ایک زمانے میں جامعات کا تصور ڈگری کا حصول تھا۔ لوگ ڈگری کے حصول کے بعد اسے روزگار سے جوڑتے تھے۔ لیکن آج کی جدید دنیا میں جامعات کے جو نئے تصورات ابھر کر سامنے آئے ہیں اس پر نئی بحثیں سامنے آئی ہیں۔

اب جامعات کو علم کی تخلیق یا تحقیق کے مرکز کے ساتھ جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔یعنی اگر جامعات کی آج کی تعلیم کو دیکھیں تو اس میں پرانی سوچ اور فکر کے مقابلے میں نئی سوچ اور خیالات جنم نہیں لیتے، پرانے نظریات پر مکالمہ اور اسے چیلنج کرنے کی روایت جنم نہیں لیتی ، ہم آج بھی روائتی سطح کی تعلیم سے جڑے ہوئے ہیں۔کیونکہ معاشرے کو آگے بڑھانے کے لیے نئی تحقیق اور اختراع کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ہم اجتماعی طور پر اپنے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت پیدا کر سکیں۔جامعات کی سطح پر ایک بڑا کام طالب علموں میں تنقیدی سوچ پیدا کرنا،سوال کرنے کی عادت ڈالنا اور اس کی حوصلہ افزائی کرنا اور بالخصوص مختلف نظریات اور فکر کو سمجھنے کی صلاحیت پیدا کرنا اور دوسروں کی سوچ اور فکر سے اختلاف کے باوجود ان کی رائے کا احترام کرنا شامل ہوتا ہے۔

اسی طرح جامعات کی سطح پر نصاب کی تبدیلی کے تناظر میں خود کو اپ ڈیٹ کرنا اور خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور اساتذہ کو بھی ان ہی بدلتی ہوئی تبدیلیوں کے پیش نظر تبدیل کرنے کا عمل ایک بڑے چیلنج کے زمرے میں آتا ہے۔ایک بحث ڈگری اور مہارتوں کی صورت میں سامنے آتی ہے۔ میں اس بحث کو ڈگری کے ساتھ جوڑ کر دیکھتا ہوں اور اگر چار برس کے ڈگری پروگرام میں مہارتوں پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی اور طالب علموں کو مہارتیں سکھائی نہیں جا رہی تو یہ عمل جامعات کی ناکامی ہے۔ جب تک ڈگری اور مہارتوں کے عمل کو آپس میں نہیں جوڑا جائے گا یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکے گا۔اس وقت یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ جامعات کی سطح پر مہارتوں کو سکھانے کا عمل بہت کمزور ہے اور اس عمل میں ہمیں خود اساتذہ بھی کمزور نظر آتے ہیں۔جامعات میں یہ بحث ان کی لیڈر شپ کی سطح پر مسلسل جاری رہنی چاہیے کہ مہارتوں کی دنیا میں نئی نئی کیا تبدیلیاں آرہی ہیں اور ہمیں خود کو ان تبدیلیوں کے ساتھ کیسے جوڑنا ہے۔

اسی طرح جامعات کی قیادت کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ دنیا میں سیاسی ،سماجی ،معاشی اور ماحولیات سمیت ترقی کے تناظر میں کیا تبدیلیاں ہو رہی ہیں، اور اس کے ہمارے داخلی نظام پر کیا اچھے یا برے اثرات مرتب ہورہے ہیں، ان کا تجزیہ کرکے متبادل راستہ دینا ہوگا۔اسی طرح ہمارے اپنے داخلی نظام کے جو بڑے بڑے چیلنجز ہیں اس سے ہم کیسے نمٹ سکتے ہیں یا ان چیلنجز سے نمٹنے کا متبادل بیانیہ کیا ہوگا۔ اصل چیلنج یہ ہے کہ ہماری جامعات کا اس وقت اور حکمرانی کے نظام یا پالیسی سازوں کے درمیان کوئی موثر رابطہ نہیں اور نہ ہی کچھ سیکھنے اور سمجھنے کے لیے جامعات اور اس کی قیادت کو کوئی اہمیت دی جاتی ہے۔جامعات کا ایک طرف کھڑا ہونا اور پالیسی سازوں کا دوسری طرف کھڑا ہونا ظاہر کرتا ہے کہ ہم خود ایک دوسرے کی ضرورت اور افادیت کو سمجھنے سے انکاری ہیں۔ ایک مسئلہ یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ جو جامعات کی سطح پر تحقیق ہورہی ہے وہ ہماری حکمرانی کے نظام کے برعکس ہے۔

اسی طرح بار بار اس نقطے پر توجہ دلانے کے باوجود جامعات اور صنعت کے درمیان ایک بڑی خلیج دیکھنے کو ملتی ہے اور اس میں ایک دوسرے کے بارے میں الزام تراشیاں زیادہ ہیں۔ایک چیلنج جامعات کی سطح پر حکومت کی جانب سے بڑھتی ہوئی سیاسی مداخلتوں کا ہے اور سینڈیکیٹ میں ارکان اسمبلی کی شمولیت خود سیاسی مداخلتوں کو پیدا کرنے یا خرابیاں پیدا کرنے کا سبب بنتی ہیں۔ اسی طرح سے اعلی تعلیم کے معاملات کو سرکاری بیوروکریسی سے بھی آزاد کرنا ہوگا تاکہ اعلی تعلیم کی اپنی داخلی خود مختاری بھی قائم ہوسکے۔

اب جس طریقے سے دنیا میں ڈیجیٹل لائزیشن اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس یا ٹیکنالوجی کی نئی نئی مہارتیں، سائبر سیکیورٹی کی اہمیت تعلیم کی سطح پر دنیا میں بڑھ رہی ہے اس کو کیسے ہم اپنی نہ صرف جدید یا اعلی تعلیم سے جوڑ سکیں گے بلکہ ان مہارتوں سے کیسے طالب علموں کو سکھایا جاسکے گا یا اس کا مکمل ڈھانچہ اور نصاب اعلی تعلیم سے جڑے گا خود ایک بڑا چیلنج ہے۔ ہم نے دیکھا ہے کہ ہماری جامعات کی سطح پر اساتذہ کی بحث اس نقطہ پر ہورہی ہے کہ ہماری تعلیم کی صورتحال خراب ہے جب کہ دنیا نے اپنی تعلیم کو جدید علوم کے ساتھ جوڑ دیا ہے۔ہمارا مجموعی تعلیمی نظام آج بھی ڈیجیٹل دنیا سے پیچھے ہے اور ہمارے پاس بنیادی ڈھانچے کی کمی ہے اور ہم بچوں کو ڈیجیٹل کی دنیا آگے لے کر نہیں جا رہے۔اسی طرح جب ہم یہ دلیل دیتے ہیں کہ ہمارے نوجوانوں میں انتہا پسندی یا پرتشدد رجحانات کی سوچ ابھر رہی ہے تو اس کی چند وجوہات ہیں۔اول ہم نے اسٹوڈنٹس کی سطح پر بننے والی اسٹوڈنٹس سوسائٹیوں کو یا تو تشکیل نہیں دیا یا ان کو غیر فعال رکھا ہوا ہے یا ان کی فعالیت کے لیے ہمارے پاس کوئی وسائل نہیں ہیں۔

 تعلیم کو بنیادی طور پر شہری تعلیم جسے ہم سوک ایجوکیشن کا نام دیتے ہیں اس کے ساتھ جوڑنا ہوگا تاکہ طالب علم محض ڈگری حاصل ہی نہ کرے بلکہ وہ ایک اچھے اور ذمے دار شہری کے طور پر بھی سامنے آئے۔اس میں یہ سوچ پیدا کرنا ہوگی کہ سب لوگ ایک جیسے خیالات کے نہیں ہوتے اور ان سے اختلافات کے ساتھ بھی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ہمیں بچوں کے انٹرن شپ ماڈل جدید بنیادوں پر تیار کرنے ہوں گے۔یعنی اگر طالب علم آٹھ سمسٹر بی ایس پروگرام میں لگاتا ہے تو اس کے چار پروگرام تھیوری اور چار انٹرن شپ پر مبنی ہونے چاہیے تاکہ وہ کچھ بہتر سیکھ سکے۔

یہ سب کچھ کرنے کے لیے خود حکومت کو بھی جامعات کی بڑے پیمانے اور بالخصوص مالی بنیادوں پر سرپرستی کرنی ہوگی کیونکہ جس انداز سے جامعات کے بجٹ یا اعلی تعلیم کے بجٹ میں کٹوتی ہورہی ہے اس سے یہ تصور کرنا کہ ہماری جامعات آج کی جدید دنیا کے تعلیمی مقاصد اور اہداف کو حاصل کرسکیں گی ،ممکن نہیں۔ جامعات کی صلاحیتوں کو بڑھانے ،گورننس کے نظام کی اصلاح اور عملی طور پر اساتذہ کی جدید تربیت کے لیے بہت کچھ کرنا ہے جو بڑی مالی سرمایہ کاری کے بغیر ممکن نہیں۔ اس وقت ہماری جامعات شدید مالی بحران کا شکار ہیں اور اس پر حکومت کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔کیونکہ جامعات کی سطح پر تحقیق کے لیے کوئی گرانٹس نہیں یا بہت کم ہیں ایسے میں ہماری جامعات کیسے آگے بڑھ سکیں گی خود ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

اسی طرح اب استادوں کو فکری آزادیاں بھی دینی ہوں گی تاکہ وہ کھل کر اپنی متبادل سوچ اور فکر کو سامنے لاسکیں۔کیونکہ فکری آزادیوں کے بغیر جامعات کا چلنا ممکن نہیں۔ جامعات کی قیادت کو اپنے اندر کے گورننس کے ماڈل کو نئے سرے سے ترتیب دینا ہوگا اور وہ مشاورت کے ساتھ سب فیصلوں میں سب کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتا ہو اور کم سے کم خود کو تنازعات میں الجھائے یا داخلی سیاست سے خود کو دور رکھے۔آج کل ہم مختلف جامعات کی سطح پر جو داخلی تقسیم یا لڑائیاں دیکھ رہے ہیں وہ بھی کسی طرح جامعات کی داخلی گورننس کے مفاد میں نہیں۔جب ہم جامعات کو سیاسی اقربا پروری یا پسند و ناپسند کی بنیاد پر ہی چلانے کی کوشش کریں گے چاہے اس میں جامعات ہوں یا حکومت تو جو نتائج آج ہم دیکھ رہے ہیں اس سے باہر نہیں نکل سکیں گے۔ اس لیے اب وقت آگیا ہے کہ ہم اعلی تعلیم کی بنیاد پر موجود داخلی معاملات کا پوسٹ مارٹم کریں اور اپنی داخلی غلطیوں کو سمجھنے کی کوشش کریں کہ ہم سے کہاں غلطیاں ہورہی ہیں۔یہ سب کچھ اس لیے بھی ضروری ہے کہ اگر ہمیں تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنا اور اس میدان کو اپنی قومی ترقی کے ساتھ جوڑنا ہے تو پھر ہمیں اپنی حکمت عملی بدلنا ہوگی۔وگرنہ عالمی دنیا میں جو اعلی تعلیم کی درجہ بندی میں ہم بہت پیچھے کھڑے ہیں اس تضاد سے ہم باہر نہیں نکل سکیں گے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ