سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر ییلو لائن ضمیر عباسی کے خلاف بے نامی اکاؤنٹس کا چالان جمع

redline brt1779018401 0


ڈسٹرکٹ کورٹ جنوبی میں سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر ییلو لائن ضمیر عباسی کے خلاف بے نامی اکاؤنٹس کیس کا چالان جمع کروا دیا گیا۔ ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے کیس کا چالان عدالت میں جمع کرایا ہے۔

چالان کے مطابق ملزم ضمیر احمد عباسی مختلف سرکاری محکموں میں گریڈ 17 سے 19 کے عہدوں پر تعینات رہا۔ ملزم نے سرکاری ملازمت کے دوران مبینہ طور پر غیر قانونی ذرائع سے بھاری رقوم جمع کیں اور حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیں۔

چالان میں بتایا گیا ہے کہ ملزم کے تین بینک اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 11 کروڑ روپے سے زائد کی ڈیبٹ اور کریڈٹ ٹرانزیکشنز سامنے آئیں، جبکہ اس کی اہلیہ خنساء ضمیر کے تین بینک اکاؤنٹس میں 16 کروڑ روپے سے زائد کی ڈیبٹ اور کریڈٹ ٹرانزیکشنز ہوئیں۔

چالان کے مطابق ملزم کے والد محمد پناہ عباسی کے بینک اکاؤنٹس میں بھی اربوں روپے کے ٹرن اوور کی اطلاعات ہیں۔ ملزمان کے نام پر ملک بھر میں متعدد جائیدادیں بھی موجود ہیں۔

ایف آئی اے کے چالان کے مطابق ملزم ضمیر عباسی نے اپنے اور اہلیہ کے نام پر سات انشورنس پالیسیاں حاصل کیں، جن کے پریمیم کی مد میں ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد ادا کیے گئے۔ ملزم نے مجموعی طور پر 24 بار بیرون ملک سفر بھی کیا۔

چالان میں کہا گیا ہے کہ ملزم بیرون ملک سفر کے لیے مجاز ایکسچینج کمپنیوں سے غیر ملکی کرنسی خریدنے کا ریکارڈ پیش نہیں کرسکا، ملزم کے مطابق اس کے بینک اکاؤنٹس میں تنخواہ اور سرکاری مراعات کی رقوم آتی تھیں، جبکہ زرعی زمین اور والد کے کاروبار سے حاصل ہونے والی آمدنی نقد وصول کی جاتی تھی۔





Source link

متعلقہ پوسٹ