عمان کی وزارت خارجہ نے منگل کو بتایا کہ ایران اور عمان نے منگل کو بحری راستوں کے تحفظ اور عالمی جہاز رانی و تجارت کی بلا تعطل روانی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کشیدگی میں اضافے کو روکنے کے لیے مذاکرات اور بات چیت کے ذرائع کو دوبارہ فعال کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بات چیت ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے دورہ عمان کے دوران ہوئی۔
عمان آبنائے ہرمز کے جنوبی ساحل پر واقع ہے اور 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد شروع ہونے والے بحران میں ثالث کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکروں پر حملوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تہران اس اہم آبی گزرگاہ میں جہاز رانی میں خلل ڈالنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ واشنگٹن نے اس کے جواب میں ایران کی بحری ناکہ بندی برقرار رکھی ہوئی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے دورے اور ملاقات کے حوالے سے عمان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق ملاقات میں خطے کی تازہ صورت حال، موجودہ مرحلے کے چیلنجز اور کشیدگی پر قابو پانے کے لیے دستیاب سفارتی راستوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سوشل میڈیا ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے فریقین کے درمیان مفاہمت کے امکانات بڑھانے، مذاکراتی عمل کو دوبارہ فعال کرنے اور بحران کو مزید پھیلنے سے روکنے کے طریقوں پر بھی گفتگو کی۔
وزرائے خارجہ نے بحری راستوں کی سلامتی برقرار رکھنے اور بین الاقوامی جہاز رانی و تجارت کی بلا تعطل آمدورفت یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے سیاسی اور سفارتی رابطوں کے ذرائع کھلے رکھنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا تاکہ اعتماد سازی اور حل طلب مسائل کے تصفیے کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جاسکے۔
یہ گزرگاہ اب بھی مذاکرات میں ایک اہم تنازع بنی ہوئی ہے، جن کا مقصد نو ماہ سے جاری جنگ کا خاتمہ ہے، تاہم تاحال ان مذاکرات میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کے ایرانی وفد نے 16 نومبر کو راولپنڈی میں پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی تھی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورت حال اور بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر سے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ دونوں جانب سے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مختلف امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملاقات میں علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے دونوں برادر ممالک کے درمیان مسلسل روابط، باہمی اعتماد اور قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
بیان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے ملک کی خواہش کا اظہار کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اختتام ہفتہ پر پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے اجلاس میں شرکت کی اور بعد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات کی۔
پاکستان کی وزارت داخلہ کے مطابق اسلام آباد میں محسن نقوی سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات میں دوطرفہ اشتراک بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان کے مطابق ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورت حال اور علاقائی امن واستحکام کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی اور ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔

