بی وائی ڈی کا رولز رائس کو چیلنج، تیرنے والی الیکٹرک کار متعارف کرا دی

399964 1884996389


چینی کار کمپنی بی وائی ڈی اپنی فیملی کاروں کے ذریعے پہلے ہی ووکس ویگن، اپنی ہائی پرفارمنس گاڑیوں کے ذریعے پورشے اور حتیٰ کہ اپنی الیکٹرک سپر کاروں کے ذریعے فراری کا مقابلہ کر چکی ہے۔ چینی آٹو کمپنی نے شاید اب تک کے اپنے سب سے بڑے حریف، رولز رائس، کو نشانے پر رکھ لیا ہے۔

کمپنی کی تازہ ترین پیشکش ’یانگ وانگ آلٹیئر‘ ہے، جو ایک بڑی اور مکمل طور پر بجلی سے چلنے والی لگژری لیموزین ہے۔ اسے ابو ظبی میں متعارف کرایا گیا ہے اور اس کا ہدف براہ راست ایسے صارفین ہیں جو بصورت دیگر رولز رائس فینٹم خریدنے پر غور کر سکتے ہیں۔

اور بی وائی ڈی اس معاملے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی۔ آلٹیئر لگژری خصوصیات سے بھری ہوئی ہے، جن میں پیچھے جھکنے والی عقبی نشستیں، 39 سپیکرز پر مشتمل ساؤنڈ سسٹم، اصلی جیڈ کی سجاوٹ اور حتیٰ کہ اس کے دروازوں میں نصب چھتریاں بھی شامل ہیں۔ آخر انہیں یہ خیال کہاں سے آیا؟

اس کے اندر کچھ ذہین ٹیکنالوجی بھی موجود ہے، جس میں اپنی جگہ پر کھڑے کھڑے گھومنے اور پانی میں جا گرنے کی صورت میں تیرنے کی صلاحیت بھی شامل ہے۔

آلٹیئر، بی وائی ڈی کے اعلیٰ ترین لگژری برانڈ یانگ وانگ کی تیار کردہ ہے اور اسے بنانے میں تین سال لگے، جو چین کے لحاظ سے ایک طویل عرصہ ہے۔ 5,600 ملی میٹر لمبی اور 2,030 ملی میٹر چوڑی یہ ایک بہت بڑی گاڑی ہے، اگرچہ اب بھی رولز رائس فینٹم سے چھوٹی ہے۔

اس کا ڈیزائن بظاہر قدیم چینی ثقافت، اور واضح طور پر رولز رائس فینٹم، سے متاثر ہے۔ بالخصوص ’ڈنگ‘ نامی رسمی کانسی کے برتن سے، جس کے اثرات گاڑی کے سیدھے کھڑے سامنے والے حصے اور اس کے پُرشکوہ تناسب میں نظر آتے ہیں۔ ’آلٹیئر‘ نام لاطینی زبان کے لفظ ’بلند تر‘ سے نکلا ہے، جبکہ اس کا چینی نام ’ڈنگ یاؤ‘ طاقت اور چمک کے تصورات کو یکجا کرتا ہے۔

اس کی بہت بڑی سامنے والی گرِل کو نفیس زیورات جیسا دکھائی دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جبکہ جیسے ہی مالک گاڑی کے قریب پہنچتا ہے تو روشنی کے 12 عناصر باری باری گھومتے اور روشن ہوتے ہیں۔

دروازوں میں بھی رولز رائس سے ایک اور مماثلت موجود ہے۔ اس میں کوچ طرز کے دروازوں کا انتظام ہے، جس کے تحت عقب سے جڑے پچھلے دروازے 90 ڈگری تک کھلتے ہیں جبکہ سامنے والے دروازے 80 ڈگری تک کھلتے ہیں۔ اور رولز رائس ہی کی طرح اس میں بھی خصوصی طور پر تیار کردہ چھتریاں اندر چھپا کر رکھی گئی ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اندر سے آلٹیئر لگژری کو ایک اور سطح پر لے جاتی ہے۔ اس میں چار نشستوں کا انتظام ہے، جس میں خصوصاً پچھلی دو نشستوں پر بیٹھنے والے مسافروں کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ انہیں طیاروں کی طرز پر پیچھے جھکنے والی نشستیں ملتی ہیں، جن کے ساتھ ٹانگیں رکھنے کے لیے سہارا اور میکانیکی مساج سسٹم موجود ہیں، جبکہ صرف ایک مرتبہ چھونے سے سامنے والی مسافر نشست کو آگے کی جانب موڑا جا سکتا ہے تاکہ مزید جگہ پیدا ہو جائے۔

پچھلی نشستوں پر پہلے ہی ٹانگوں کے لیے 1,209 ملی میٹر جگہ موجود ہے، جبکہ ایک خصوصی ’ریلیکسیشن موڈ‘ نشستوں کو پیچھے جھکا دیتا ہے، پردے بند کرتا ہے، روشنی کو ایڈجسٹ کرتا ہے اور حتیٰ کہ کیبن کی خوشبو کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔

تفریح کے لیے 39 سپیکرز والا ’ڈائنا آڈیو پلاٹینم ایویڈنس‘ ساؤنڈ سسٹم دیا گیا ہے، جس میں ایسے ٹویٹرز شامل ہیں جو گاڑی سٹارٹ ہوتے ہی اوپر اٹھتے اور گھومتے ہیں۔ فلمیں دیکھنے یا کانفرنس کالز میں شامل ہونے کے لیے چھت سے منسلک 21.4 انچ کی سکرین بھی موجود ہے، جبکہ اگلے اور پچھلے دونوں حصوں میں ریفریجریٹرز دیے گئے ہیں۔

استعمال کیے گئے مواد بھی اتنے ہی شان دار ہیں۔ ایئر وینٹس کے اطراف ہاتھ سے پالش کیا گیا زرد ’ہیتیان جیڈ‘، روایتی چینی ریشمی کڑھائی، اصلی دھات کے سوئچ، مکمل دانے دار چمڑا، قدرتی لکڑی اور خالص اون کے قالین استعمال کیے گئے ہیں۔ انجینیئرز نے دھات سے بنے کنٹرولز کی آواز اور احساس کو جانچنے کے لیے انہیں چھوٹے ہتھوڑوں سے بجا کر بھی آزمایا۔

گاڑی کے نچلے حصے میں چار الیکٹرک موٹریں ہر پہیے کو الگ الگ کنٹرول کرتی ہیں اور ایک سیکنڈ میں 100 سے زیادہ مرتبہ طاقت کو ایڈجسٹ کرتی ہیں۔ اس نظام کو اس طرح بنایا گیا ہے کہ تیز رفتار پر ٹائر پھٹ جانے کی صورت میں بھی گاڑی کو مستحکم رکھنے میں مدد ملے، جبکہ ایکٹو سسپنشن سڑک کی صورت حال کے مطابق مسلسل خود کو ایڈجسٹ کرتی ہے تاکہ مسافر آرام دہ رہیں۔

آلٹیئر ’ٹینک ٹرن‘ بھی کر سکتی ہے، یعنی اپنی جگہ پر اپنے ہی محور کے گرد گھوم سکتی ہے، جس سے تنگ جگہوں میں گاڑی کو موڑنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے ساتھ موجود ہنگامی فلوٹیشن سسٹم کو اس مقصد کے لیے بنایا گیا ہے کہ اگر گاڑی حادثاتی طور پر پانی میں چلی جائے تو اضافی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

بی وائی ڈی کی جدید ترین ’بلیڈ بیٹری‘ ٹیکنالوجی کے بارے میں دعویٰ ہے کہ یہ زیادہ سے زیادہ 621 میل سے زائد کی رینج فراہم کرے گی، جبکہ بی وائی ڈی کی جدید ترین انتہائی تیز رفتار ’فلیش چارجنگ‘ ٹیکنالوجی بھی اس میں موجود ہے۔ تاہم بیٹری کی گنجائش، چارجنگ کی رفتار اور کارکردگی سے متعلق دیگر اعداد و شمار کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔

بی وائی ڈی کی ایگزیکٹو نائب صدر سٹیلا لی نے کہا: ’آلٹیئر چینی ثقافت کی گہرائی اور ان لوگوں کے لیے کچھ غیر معمولی تخلیق کرنے کی ہماری خواہش کو یکجا کرتی ہے جو اس کا تجربہ کریں گے۔ ہمارے انجینیئرز، ڈیزائنرز اور ہنرمندوں نے مل کر اس ثقافتی ورثے کو ڈیزائن، دست کاری اور ٹیکنالوجی کے ذریعے جدید اظہار دینے کے لیے کام کیا ہے۔ نتیجہ ایک ایسی گاڑی کی صورت میں سامنے آیا ہے جس کے ریشے ریشے میں لگژری اور روح میں طاقت ہے۔ آلٹیئر چینی لگژری کے مستقبل کے بارے میں ہمارے تصور کی نمائندگی کرتی ہے۔‘

آلٹیئر کو ’ایگزیکٹو‘ اور ’بیسپوک‘ ورژنز میں پیش کیا جائے گا، جن میں محدود تعداد میں تیار کیا جانے والا ’شان ہے ڈنگ یون‘ ماڈل بھی شامل ہے، جس میں بھورے اور سنہرے رنگ کا امتزاج اور جیڈ سے متاثر اندرونی ڈیزائن ہوگا۔

ابھی تک اس کی قیمت، فراہمی کی تاریخ یا یہ کہ آلٹیئر برطانیہ میں فروخت کی جائے گی یا نہیں، کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں۔

لیکن اپنی تازہ ترین لگژری لیموزین کے ساتھ بی وائی ڈی نے اپنے عزائم واضح کر دیے ہیں۔ گاڑیوں کی صنعت کے کچھ بڑے ناموں کو چیلنج کرنے کے بعد اب اس کی نظریں لگژری کار مارکیٹ کی انتہائی بالائی سطح پر ہیں۔





Source link

متعلقہ پوسٹ