آسیان کانفرنس: منیلا میں ٹرمپ کے دورے کے خلاف احتجاج، سیکڑوں مظاہرین حراست میں


منیلا — فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دورے اور 49ویں آسیان سربراہی اجلاس کے خلاف سیکڑوں مظاہرین سڑکوں پر اتر آئے۔ مظاہرین نے امریکی خارجہ پالیسی، بڑھتی مہنگائی، معاشی مشکلات اور سربراہی اجلاس کے اخراجات کے خلاف احتجاج کیا۔
مظاہرین آسیان اجلاس کے مقام فلپائن انٹرنیشنل کنونشن سینٹر سے کئی کلومیٹر دور ایک عوامی چوک پر جمع ہوئے۔ انہوں نے ’ٹرمپ واپس جاؤ، فلپائن فروخت کیلئے نہیں‘، ’سامراجیت مردہ باد‘ اور ’غزہ سے فلپائن تک، امریکی سامراج کے خلاف مزاحمت‘ جیسے نعرے لگائے۔
اتوار کو تقریباً 300 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا جب وہ سربراہی اجلاس کے مقام کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پولیس نے کہا کہ مظاہرین کے پاس مارچ کا اجازت نامہ نہیں تھا، جبکہ لیواسانگ بونیفاسیو میں نو افراد کو گرفتار کیا گیا۔
فلپائن کی نیشنل کیپیٹل ریجن پولیس آفس نے گرفتاریوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی غیر قانونی رکاوٹ، عوامی خلل اور حکام کی نافرمانی کے الزامات پر کی گئی، نہ کہ مظاہرین کے سیاسی نظریے کی وجہ سے۔ تاہم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے گرفتار مظاہرین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
احتجاج کے منتظمین نے کہا کہ مظاہروں سے کوئی خطرہ نہیں تھا اور پولیس کی کارروائی پر تنقید کی۔ ’نیو نیشنلسٹ موومنٹ‘ گروپ نے سربراہی اجلاس کے مقام کے قریب دکانداروں کی بے دخلی، سڑکوں کی بندش، پروازوں کی منسوخی اور منیلا میں صحت مراکز کی بندش کو اصل مسئلہ قرار دیا۔
مظاہرین نے ایران جنگ کے باعث مہنگائی اور معاشی بحران، امریکی سامراج، وسائل کی لوٹ مار اور مقامی آبادیوں کی بے دخلی کے خلاف بھی احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کا دورہ فلپائن کے لیے ’سب سے بڑا خطرہ‘ ہے۔
مظاہرین نے سربراہی اجلاس پر خرچ ہونے والے تقریباً 366 ملین ڈالر پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ یہ رقم بنیادی سہولیات اور عوامی مسائل پر خرچ ہونی چاہیے تھی۔
49ویں آسیان سربراہی اجلاس اور اس سے وابستہ ملاقاتیں 15 سے 18 نومبر تک منیلا میں منعقد ہو رہی ہیں۔ فلپائنی صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر نے افتتاحی تقریب میں علاقائی اتحاد، امن و سلامتی، خوشحالی اور عوام کو بااختیار بنانے کی اپیل کی۔
مارکوس نے اپنی آسیان چیئرمین شپ کی تین ترجیحات ’امن و سلامتی کی بنیاد‘، ’خوشحالی کی راہداریاں‘ اور ’عوام کو بااختیار بنانا‘ قرار دیں۔ انہوں نے جنوبی چین سمندر میں موثر ضابطہ اخلاق، سمندری تعاون، توانائی کی بحالی اور ڈیجیٹل معیشت پر زور دیا۔
آسیان کے 11 رکن ممالک اس موقع پر جاپان، چین، جنوبی کوریا، بھارت، آسٹریلیا، روس اور امریکہ سمیت اپنے غیر ملکی شراکت داروں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ٹرمپ کا منیلا دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب امریکہ اور چین کے درمیان بحر ہند و الکاہل خطے میں اسٹریٹجک مقابلہ بڑھ رہا ہے اور آسیان ممالک علاقائی سلامتی، تجارت اور معاشی استحکام کے مسائل پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔
پولیس نے مظاہرین کو تنبیہ کی ہے کہ وہ صرف مقررہ ’فریڈم پارکس‘ میں احتجاج کریں اور سربراہی اجلاس کے مقام کی جانب جانے کی کوشش نہ کریں، ورنہ گرفتاری کا خدشہ ہے۔

متعلقہ پوسٹ