معاشی خودمختاری کا نیا توانائی منصوبہ

economic autonomy1795031541 0


معاشی تاریخ کے بعض موڑ ایسے ہوتے ہیں جہاں کسی ملک کی تقدیر محض مالیاتی اعدادوشمار سے نہیں بلکہ اس کی قدرتی استعداد، جغرافیائی اہمیت اور دوراندیش اقتصادی فیصلوں سے عبارت ہوتی ہے۔

پاکستان اس وقت ایسے ہی ایک مرحلے سے گزر رہا ہے جہاں توانائی کی ضروریات، صنعتی ترقی، علاقائی تجارت اور عالمی سرمایہ کاری کے امکانات ایک دوسرے سے پیوست ہوکر ایک نئے معاشی منظرنامے کی تشکیل کررہے ہیں۔

سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں تقریباً 30 ارب ڈالر، یعنی 83 کھرب روپے کی ممکنہ توانائی سرمایہ کاری کا منصوبہ اسی تناظر میں غیرمعمولی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ محض گیس کی ترسیل کے لیے پائپ لائنیں بچھانے کا معاملہ نہیں بلکہ پاکستان کو علاقائی توانائی راہداری، صنعتی پیداوار اور بین الاقوامی تجارت کے ایک موثر مرکز میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھنے والا تصور ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی توانائی کمپنی ڈیلٹا انرجی نے پاکستان کی انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کے ساتھ مفاہمت کی ہے، جس کے تحت توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں تقریباً 30 ارب ڈالر کی ممکنہ سرمایہ کاری کا جائزہ لیا جائے گا۔

مجوزہ منصوبے میں پاکستان کی مغربی سرحد سے گوادر تک قدرتی گیس کی پائپ لائن بچھانے، چمن سے بھارتی سرحد تک گیس کی ترسیل کے امکانات اور افغانستان کے گیس ذخائر سے استفادے کے پہلو بھی زیرغور ہیں۔

اس منصوبے کی جغرافیائی وسعت اس امر کی نشان دہی کرتی ہے کہ پاکستان کو محض توانائی درآمد کرنے والے ملک کے بجائے علاقائی ترسیل اور تقسیم کے ایک اہم مرکز کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ گوادر کی بندرگاہ، مغربی سرحدی راستوں اور جنوبی ایشیا سے جغرافیائی قربت کو یکجا کیا جائے تو پاکستان کی اقتصادی اہمیت کئی گنا بڑھ سکتی ہے۔

توانائی صنعتی معیشت کی شہ رگ ہوتی ہے۔ بجلی اور گیس کی مسلسل فراہمی کے بغیر نہ کارخانوں کی پیداواری صلاحیت برقرار رہ سکتی ہے، نہ زرعی شعبہ جدید خطوط پر استوار ہوسکتا ہے اور نہ ہی بیرونی سرمایہ کار طویل المدتی منصوبوں میں خطیر سرمایہ لگانے کا خطرہ مول لیتے ہیں۔

پاکستان کا ایک بنیادی مسئلہ یہ رہا ہے کہ توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے درآمدی ایندھن پر انحصار، محدود ترسیلی استعداد اور بنیادی ڈھانچے کی کمزوریاں صنعتی نمو کی رفتار کو متاثر کرتی رہی ہیں۔ نئی پائپ لائنوں کا قیام، اگر معاشی اور تکنیکی اعتبار سے قابل عمل ثابت ہوتا ہے، تو اس سے توانائی کی ترسیل کے متبادل راستے پیدا ہوں گے، رسد کے نظام میں تنوع آئے گا اور مستقبل کی صنعتی ضروریات پوری کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

بالخصوص بلوچستان اور گوادر کے لیے ایسے منصوبے روزگار، بنیادی سہولتوں اور کاروباری سرگرمیوں کے نئے دروازے کھول سکتے ہیں۔ اس پیش رفت کو اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مجموعی سرمایہ کاری حکمت عملی سے الگ کرکے نہیں دیکھا جاسکتا۔

سینیٹ کے لیے تیار کردہ پریزنٹیشن میں کونسل نے چین کے ساتھ روابط کے نتیجے میں تقریباً 20 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پورٹ فولیو کی نشاندہی کی ہے، جب کہ سعودی عرب کے ساتھ سرمایہ کاری، تجارت اور ترسیلاتِ زر سے متعلق معاہدوں کے ذریعے 2.3 ارب ڈالر کی آمدن رپورٹ کی گئی ہے۔

مختلف وزارتوں اور محکموں میں سرمایہ کاری کے 553 وعدوں کا جائزہ بھی اس سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ ان میں 80 وعدے، مجموعی تعداد کے تقریباً 14.47 فیصد، عمل درآمد کے مرحلے میں بتائے گئے ہیں، جن کی تخمینی مالیت 2.64 ارب ڈالر ہے۔ یہ اعدادوشمار ایک طرف سرمایہ کاروں کی دلچسپی ظاہر کرتے ہیں تو دوسری جانب اس حقیقت کی طرف بھی توجہ دلاتے ہیں کہ وعدوں کو عملی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کا سفر ابھی خاصا طویل ہے۔

چین کے ساتھ اقتصادی اشتراک اس حکمت عملی کا ایک بنیادی ستون ہے۔ 4 ستمبر 2025 کو بیجنگ میں منعقدہ پہلے پاک چین کاروباری اداروں کے اجلاس میں 9.3 ارب ڈالر مالیت کی 129 مفاہمت کی یادداشتوں اور مشترکہ منصوبوں پر اتفاق ہوا، جن میں سے 1.2 ارب ڈالر کے منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے۔

اسی طرح جنوری 2026 میں اسلام آباد کی زرعی سرمایہ کاری کانفرنس کے نتیجے میں 2.1 ارب ڈالر مالیت کے 99 منصوبوں پر اتفاق کیا گیا، تاہم ان میں سے 56 ملین ڈالر کے منصوبے ہی عملی مرحلے میں پہنچے ہیں۔ یہ فرق محض مالیاتی اعداد کا نہیں بلکہ ہماری انتظامی استعداد اور سرمایہ کاری کے وعدوں کو حقیقت بنانے کی صلاحیت کا امتحان بھی ہے۔

سرمایہ کاری کانفرنسوں کی کامیابی کا اصل پیمانہ شرکاء کی تعداد یا مفاہمتی دستاویزات نہیں بلکہ پیدا ہونے والی صنعتیں، تعمیر ہونے والے کارخانے اور دستیاب ہونے والے روزگار کے مواقع ہیں۔چینی اشتراک کے دیگر منصوبے بھی پاکستان کی صنعتی ساخت میں تبدیلی کی استعداد رکھتے ہیں۔

ایف ایف سی اور ہوا لو انجینئرنگ کا 1.2 ارب ڈالر کا کھاد سازی کا منصوبہ تھر کے لگنائٹ سے کوئلے کو یوریا میں تبدیل کرنے کی تجویز پر مبنی ہے۔ ایف یو انرجی کا 240 ملین ڈالر کا الیکٹرک گاڑیوں اور شمسی پینلوں کی تیاری کا منصوبہ، سوگو گروپ کا لیتھیم بیٹری اسمبلنگ پلانٹ اور ڈیٹا سینٹرز کے قیام کی تجاویز مستقبل کی معیشت کے اہم شعبوں سے تعلق رکھتی ہیں۔

مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ انفراسٹرکچر، سولر انورٹرز اور توانائی ذخیرہ کرنے کی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری پاکستان کو روایتی پیداواری ڈھانچے سے نکال کر جدید صنعتی معیشت کی جانب لے جاسکتی ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی روابط بھی ایک نئے دور میں داخل ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔

2024 میں پاکستانی اور سعودی کمپنیوں کے درمیان 34 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، جن میں سرمایہ کاری، تجارت اور ترسیلاتِ زر سے متعلق معاہدے شامل تھے۔ ایس آئی ایف سی کے مطابق ان روابط سے مجموعی طور پر 2.3 ارب ڈالر کی آمدن رپورٹ ہوئی۔

بجلی کے شعبے میں 1.25ارب ڈالر، صحت میں 256 ملین ڈالر، زراعت و خوراک میں 207 ملین ڈالر اور پٹرولیم میں 170 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی تفصیلات اس اشتراک کی وسعت ظاہر کرتی ہیں۔

اس ضمن میں یورپی یونین کے ساتھ بڑھتے ہوئے کاروباری روابط بھی قابلِ توجہ ہیں۔ اپریل 2026 میں اسلام آباد میں منعقدہ یورپی یونین، پاکستان بزنس فورم میں ایک ہزار سے زائد شرکاء نے شرکت کی، جن میں 300 یورپی اور 600 پاکستانی کمپنیاں شامل تھیں۔

اس فورم کے نتیجے میں سیکڑوں کاروباری روابط قائم ہوئے، جب کہ یورپی انویسٹمنٹ بینک نے دو منصوبوں کے لیے 160 ملین یورو کے مالیاتی معاہدوں پر دستخط کیے۔ چین، سعودی عرب، یورپ، خلیجی ممالک، وسطی ایشیا اور مشرقِ بعید کے ساتھ متنوع اقتصادی روابط ملکی معیشت کو نئے تجارتی راستے فراہم کرسکتے ہیں۔

ایس آئی ایف سی کی جانب سے 11 شعبوں میں 38 سرمایہ کاری مواقع کی نشاندہی، جن کی مجموعی مجوزہ مالیت 21 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، اسی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ان شعبوں میں کان کنی، تیل و گیس، ریلوے، سڑکیں، بندرگاہیں، بجلی، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، ادویہ سازی، سیاحت اور غذائی تحفظ شامل ہیں۔

یہ تمام شعبے ایک دوسرے سے مربوط ہیںتاہم ان امکانات کے راستے میں کئی بنیادی سوالات بھی موجود ہیں۔ مغربی سرحد سے گوادر تک گیس پائپ لائن کی تعمیر ہو یا افغانستان کے ذخائر سے استفادے کی تجویز، ہر منصوبے کے لیے علاقائی استحکام، سلامتی، مالیاتی ضمانتوں اور متعلقہ ممالک کے درمیان قابلِ اعتماد معاہدوں کی ضرورت ہوگی۔

اسی طرح گیس کی دستیابی، ترسیلی لاگت، قیمتوں کے تعین اور سرمایہ کاری کی واپسی کا شفاف معاشی جائزہ ناگزیر ہے۔ بلوچستان کے مقامی آبادیوں کو ترقی کے ثمرات میں شریک کیے بغیر کوئی بڑا منصوبہ پائیدار کامیابی حاصل نہیں کرسکتا۔

مقامی روزگار، تکنیکی تربیت، بنیادی سہولتوں اور کاروباری مواقع کو منصوبوں کا لازمی حصہ بنانا ہوگا۔حکومت اور متعلقہ اداروں کے لیے اصل چیلنج اب سرمایہ کاروں کی دلچسپی حاصل کرنا نہیں بلکہ انھیں ایک قابلِ اعتماد، شفاف اور مستحکم کاروباری ماحول فراہم کرنا ہے۔

پالیسیوں کا تسلسل، ٹیکس نظام میں پیش بینی، معاہدوں کا احترام، زمین کے حصول میں آسانی، عدالتی عمل میں بہتری اور سرکاری اداروں کی غیرضروری رکاوٹوں کا خاتمہ سرمایہ کاری کے لیے بنیادی شرائط ہیں۔

پاکستان کے پاس جغرافیہ، قدرتی وسائل، افرادی قوت اور عالمی منڈیوں تک رسائی کی ایسی صلاحیت موجود ہے جسے درست اقتصادی تدبیر کے ذریعے قومی خوش حالی میں بدلا جاسکتا ہے۔

سعودی توانائی کمپنی کی 30 ارب ڈالر کی مجوزہ سرمایہ کاری، چین کے ساتھ صنعتی اشتراک اور یورپی اداروں کی مالی معاونت اس سمت میں امید افزا امکانات ہیں، لیکن قومی ترقی کا خواب صرف سرمایہ کاری کے اعلانات سے تعبیر نہیں پاتا، اس کے لیے دیانت دارانہ انتظام، موثر منصوبہ بندی اور مسلسل عملی پیش رفت درکار ہوتی ہے۔

پاکستان کو اب وعدوں کی معیشت سے نتائج کی معیشت کی طرف بڑھنا ہوگا، تاکہ بیرونی سرمایہ کاری محض مالیاتی سرخی نہ بنے بلکہ کارخانوں کی چمنیوں سے اٹھتا دھواں، نوجوانوں کے ہاتھوں میں روزگار، صنعتوں میں پیداوار اور قومی خزانے میں بڑھتی ہوئی آمدن اس تبدیلی کی حقیقی گواہی بن سکے۔ یہی وہ راستہ ہے جس سے معاشی خودمختاری کا تصور ایک قابلِ حصول قومی حقیقت میں ڈھل سکتا ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ