امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چین کے صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادی میر پوتن کے درمیان آج بروز جمعرات چینی شہر شینژن میں سہ فریقی ملاقات جاری ہے، جس کے دوران بڑے بین الاقوامی تنازعات کے زیر غور آنے کا امکان ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ بحرالکاہل اقتصادی تعاون کی تنظیم ’ایپک‘ کے فورم پر پہلی سہ فریقی سربراہی ملاقات میں امریکی اور روسی صدور کی میزبانی کر رہے ہیں۔
’ایپک‘ گروپ میں بحرالکاہل کے گرد واقع 21 معیشتیں شامل ہیں۔
یہ سہ فریقی ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب یوکرین میں روس کی کئی سال سے جاری فوجی کارروائی طول پکڑتی جا رہی ہے، ٹرمپ ایران کے خلاف جنگ میں پھنسے ہوئے ہیں اور ابھرتا ہوا چین مشرقی ایشیا میں اپنے پاؤں مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔
اس سربراہی اجلاس سے یہ خدشات پیدا ہو گئے ہیں کہ یہ تینوں طاقتور رہنما دنیا کو اپنے اپنے حلقہ اثر میں بانٹنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر وہ کیئف یا یورپ سے مشورہ کیے بغیر یوکرین کے مستقبل سے متعلق فیصلے کر سکتے ہیں۔
یوکرین جنگ کا معاملہ
تینوں فریقوں نے زیر بحث آنے والے ممکنہ موضوعات کے بارے میں مختلف باتیں کی ہیں۔
واشنگٹن نے ابتدا میں اشارہ دیا تھا کہ یوکرین پر بات نہیں ہو گی، تاہم بعد میں ٹرمپ نے کہا کہ جنگ پر گفتگو کی جائے گی۔
ایجنڈے میں اس جنگ کی شمولیت قدرے حیران کن ہو گی، کیوں کہ شی جن پنگ اس تنازعے کو چین کا مسئلہ نہیں سمجھتے اور بیجنگ نے اس کی مذمت کرنے سے انکار کیا ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کریملن کا کہنا ہے کہ ایجنڈے کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی، لیکن اس ملاقات میں یوکرین پر بات سے گریز مشکل ہو گا۔ یہ ملاقات ’ایک گھنٹے سے زیادہ‘ جاری نہیں رہے گی۔
پوتن نے بدھ کو ایپک کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ سہ فریقی سربراہی اجلاس ’انتہائی مفید‘ ثابت ہو گا۔
2022 میں یوکرین کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی شروع کرنے کے بعد سے مغربی طاقتوں کی جانب سے بڑی حد تک نظرانداز کیے جانے والے روسی رہنما نے کہا کہ اس کے نتیجے میں ان کے ملک پر عائد پابندیاں ’ناکام‘ ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا: ’ایسے وقت میں جب فوجی اور سیاسی خطرات بڑھ رہے ہیں، اشد ضرورت حتمی مطالبات کی نہیں بلکہ بات چیت کی ہے۔‘
شی جن پنگ نے بدھ کو ایپک اجلاس کے افتتاح کے موقع پر اپنی تقریر میں سہ فریقی ملاقات کے بارے میں براہ راست کوئی بات نہیں کی۔
چین نے صرف اتنا کہا ہے کہ تینوں رہنما ’عالمی امن کے تحفظ اور بڑی طاقتوں کے تعلقات میں تزویراتی استحکام کو فروغ دینے کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔‘
ایران کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا
واشنگٹن کے مطابق سہ فریقی سربراہی ملاقات میں ایران جنگ اور جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر بھی بات ہو گی۔ یہ معاملہ فروری میں جوہری ہتھیاروں سے متعلق امریکہ اور روس کے دوطرفہ معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد زیر بحث آ رہا ہے۔
بیجنگ طویل عرصے سے اس مؤقف پر قائم ہے کہ چین اپنے نسبتاً چھوٹے جوہری ذخیرے پر مذاکرات کے لیے اسی وقت راضی ہو گا جب امریکہ اور روس پہلے اپنے جوہری ہتھیاروں کے بہت بڑے ذخائر میں کمی کریں۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ پوتن کے ساتھ الگ ملاقات کے علاوہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے بھی ملاقات پر غور کر رہے ہیں۔ تاہم کم جونگ ان کانفرنس میں موجود نہیں اور ماہرین کے مطابق ان کے آنے کا امکان بھی کم ہے۔
پرتپاک استقبال
چین سہ فریقی سربراہی اجلاس کو کتنی اہمیت دے رہا ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ شی جن پنگ نے بدھ کو ٹرمپ کا نہایت شاندار استقبال کیا۔
کئی دہائیوں سے جاری سفارتی ضابطے سے ہٹ کر چینی رہنما نے ذاتی طور پر ایئرپورٹ پر ٹرمپ کا استقبال کیا۔ دونوں رہنما مختصر وقت کے لیے گلے ملے، جس کے بعد سرخ قالین پر ان کا استقبال کیا گیا، جہاں بچے خوشی سے نعرے لگا رہے تھے اور فضائیہ کے طیاروں نے فضا میں پرواز کی۔
یہ 1960 کی دہائی کے بعد پہلا موقع تھا کہ چین کے سب سے بااختیار رہنما نے ذاتی طور پر ایئرپورٹ پر کسی غیر ملکی معزز مہمان کا استقبال کیا۔ یوں انہوں نے ستمبر میں جوائنٹ بیس اینڈریوز پر ٹرمپ کی جانب سے کیے گئے اپنے استقبال کا جواب بھی دیا۔
پرسکون وقار
چین کے سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق شی جن پنگ نے ٹرمپ سے کہا کہ ’میں چین امریکہ تعلقات، ایشیا پیسیفک تعاون اور عالمی صورت حال سے متعلق اہم امور پر آپ کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کا منتظر ہوں، جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان تعمیری اور سٹریٹیجک طور پر مستحکم تعلقات کو آگے بڑھانا ہے۔‘
اس کے برعکس معمول کے سفارتی ضابطے کے مطابق ایئرپورٹ پر پوتن کا استقبال چین کے پانچویں اعلی ترین رہنما سائی چی نے کیا۔
ایپک اجلاس میں شریک دیگر عالمی رہنماؤں میں جاپان کی سانائے تاکائچی، جنوبی کوریا کے لی جے میونگ، کینیڈا کے مارک کارنی اور آسٹریلیا کے انتھونی البانیزی شامل ہیں۔
مرکزی اہمیت کے حامل سہ فریقی اجلاس کے علاوہ گروپ کی جانب سے تجارتی پالیسی اور مصنوعی ذہانت سمیت کئی دیگر موضوعات پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
بروکنگز انسٹی ٹیوشن کے رائن ہاس نے کہا کہ ’عام طور پر جب چینی رہنما اجلاسوں کی میزبانی کرتے ہیں تو ہر چھوٹی سے چھوٹی بات پہلے ہی طے کر لی جاتی ہے اور چین کے رہنما کو اس انداز میں پیش کیا جاتا ہے کہ وہ پرسکون وقار اور مکمل اختیار کے حامل دکھائی دیں۔‘
ساتھ ہی انہوں نے کہا: ’تاہم اس اجلاس میں شریک دیگر رہنماؤں، یعنی ٹرمپ اور پوتن، کو دیکھتے ہوئے اچانک سامنے آنے والے غیر متوقع لمحات سے بچنے کے لیے تیاری کی ایک حد ہی ہو سکتی ہے۔‘

