حافظ آباد:
سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کے قتل کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، مقتول کے محافظ ہی مبینہ قاتل نکلے پولیس نے چار نامزد ملزمان سمیت 11 افراد کے خلاف قتل اور ڈکیتی کا مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ مقتول کے بھتیجے اور رکن پنجاب اسمبلی ضمیر الحسن بھٹی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے لیاقت عباس بھٹی کو رسیوں سے باندھ کر گلا دبایا اور قتل کرنے کے بعد گھر سے 20 لاکھ روپے نقدی، 50 تولے طلائی زیورات، اے ٹی ایم کارڈ اور قیمتی دستاویزات لے کر فرار ہوگئے۔
مقدمے میں زاہد علی اور فرحان علی سمیت دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جن کا تعلق ضلع صوابی سے بتایا گیا ہے۔ ملزمان مبینہ طور پر مقتول کی پراڈو، لینڈ کروزر اور ویگو ڈالا گاڑیاں بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
ڈی پی او حافظ آباد فواد احمد کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ لیاقت عباس بھٹی مسلم لیگ (ق) کے دور حکومت میں وفاقی وزیر رہ چکے تھے۔ وہ دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی اور ایک مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
وہ سابق ارکان قومی اسمبلی مہدی حسن بھٹی کے بھائی اور شوکت علی بھٹی کے چچا تھے، جبکہ پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی انیقہ مہدی حسن اور ایم پی اے ضمیر الحسن بھٹی کے بھی چچا تھے۔
مقتول کی نماز جنازہ آج سہ پہر 3 بجے ان کے آبائی گاؤں برجدارا میں ادا کی جائے گی۔

