
(24 نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ معروف چپ ساز کمپنی ‘اینوڈیا’ (Nvidia) میں جینسن ہوانگ کی واپسی کا معاہدہ انہوں نے خود کروایا ہے۔
امریکی صدر کے مطابق انہوں نے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو قائل کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ہوانگ امریکی قومی سلامتی کے لیے کسی قسم کا خطرہ نہیں ہیں۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ اتوار کے روز ان کی جینسن ہوانگ سے ٹیلی فون پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے اور ہوانگ بخوبی جانتے ہیں کہ انہیں کیا کرنا ہے اور کن معاملات سے گریز کرنا ہے۔
امریکی صدر نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اگر جینسن ہوانگ چین منتقل ہو جاتے تو یہ امریکہ کے لیے ایک بڑا خطرہ ثابت ہوتا، کیونکہ چین انہیں منہ مانگی مراعات دینے کو تیار تھا اور چینی صدر بھی انہیں اس شعبے کی ذہین ترین شخصیت قرار دے چکے ہیں۔
جدید ٹیکنالوجی کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جدید ترین کمپیوٹر چپس کی پیچیدگیوں کو جینسن ہوانگ جیسا ماہر شخص ہی سمجھ سکتا ہے، اور ان چپس کی نقل تیار کرنا چین سمیت کسی کے لیے بھی ممکن نہیں ہے۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے اینوڈیا کے بورڈ کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ جینسن ہوانگ نے قومی سلامتی کے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔
یاد رہے کہ امریکی چپ ساز کمپنی اینوڈیا نے گزشتہ روز ہی جینسن ہوانگ کو فوری طور پر چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے پر بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ غیر معمولی فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دباؤ کے نتیجے میں سامنے آیا ہے، جبکہ اس سے قبل جینسن ہوانگ کے ایک مبینہ چینی جاسوس سمیت دیگر خواتین کے ساتھ تعلقات کے انکشافات منظر عام پر آئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں :ویتنام کے دارالحکومت میں گیس دھماکا، 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی

