(وسیم عظمت) اسرائیل کی سیاست میں حکومت سازی کے لئے سرگرمیوں میں آج نمایاں تیزی آئی اور نیتن یاہو کی جگہ وزیراعظم بننے کے لئے کوشش کر رہے گادی آئزن کوٹ نے انتخابات کے دوران اپنی اتحادی پارٹی دی ڈیموکریٹس‘ کے ساتھ حکومت بنانے کا معاملہ طے ہونے اور حتمی اتحاد کا اعلان کر دیا۔
یائر گولان کی بائیں بازو کی جماعت ’دی ڈیموکریٹس‘ کو 4 وزارتیں ملیں گی؛ اس دوران ہی عرب ووٹرز کی جماعت رعم کے لیڈر منصور عباس نے ’راعم‘ (Ra’am) پارٹی کی بھی نئی حکومت میں شمولیت کی پیش گوئی کی ہے۔ دوسری طرف نفتالی بینیٹ کی ’لیکود‘ پارٹی کے ساتھ نام نہاد ” قومی اتحاد کی حکومت” پر بات چیت جاری ہے، تاہم انہوں نے عرب جماعتوں کے تعاون کے امکان کو بھی مکمل طور پر رد نہیں کیا ہے۔
جمعرات کو ایک مشترکہ بیان میں گادی آئزن کوٹ کی ’یشار‘ پارٹی اور یائر گولان کی ’دی ڈیموکریٹس‘ نے اعلان کیا کہ وہ ایک اتحاد کے معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت بائیں بازو کی جماعت ’دی ڈیموکریٹس‘ کو چار وزارتی قلمدان (محکمے) ملیں گے۔ یہ پیش رفت اس واقعے کے محض دو دن بعد ہوئی ہے جب یائر گولن نے اس بات پر احتجاجاً مذاکرات معطل کر دیے تھے کہ ’یشار‘ پارٹی، ممکنہ قومی اتحاد کی حکومت کی تشکیل کے لیے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی ’لیکود‘ (Likud) پارٹی کے ساتھ بات چیت کر رہی تھی۔
اس پیش رفت نے آئزن کوٹ کو اپنے چار جماعتی اتحاد کو حتمی شکل دینے کے قریب پہنچا دیا ہے۔ وہ ایسی حکومت تشکیل دینے کی کوشش کر رہے ہیں جس میں عرب جماعت ’راعم‘ (Ra’am) اور ’حریدی‘ (انتہائی مذہبی یہودی) جماعت ’یونائیٹڈ توراۃ جوڈا ازم‘ (UTJ) کی شمولیت بھی متوقع ہے۔
’یشار‘ پارٹی پہلے ہی ایویگڈور لیبرمین کی ’یسرائیل بیتینو‘ (Yisrael Beytenu) کے ساتھ معاہدہ کر چکی ہے، جبکہ نفتالی بینیٹ کی ’بی یاخاد‘ (B’Yachad) کے ساتھ بات چیت اور ’یونائیٹڈ توراہ جوڈا ازم‘ کے ساتھ غیر رسمی مذاکرات جاری ہیں۔
ڈیموکریٹس کیلئے چار وزارتیں
’دی ڈیموکریٹس‘ کے بیان کے مطابق، ڈیموکریٹس کیلئے نئی حکومت میں جن چار محکموں پر اتفاق ہوا ہے ان میں شامل ہیں: ایک ’توسیع شدہ‘ قومی سلامتی کا محکمہ؛ لیبر (مزدوروں کی وزارت) اور بہبودِ عامہ (یہ فی الحال دو الگ الگ وزارتیں ہیں جنہیں آئزن کوٹ کے زیر قیادت اتحاد کی حکومت بننے کے منصوبے کے تحت ضم کیا جائے گا تاکہ وزارتوں کی تعداد کم کی جا سکے)؛ مواصلات؛ اور ثقافت و کھیل (اس وزارت میں ’جمہوریت کے لیے ایک نیا ڈائریکٹوریٹ‘ بھی شامل ہوگا)۔ ڈیموکریٹس پارٹی نے کہا کہ وہ "سماجی مساوات کی وزارت” کی بھی نگرانی کرے گی، حالانکہ بیان کے الفاظ نے تجویز کیا ہے کہ سماجی مساوات کی وزارت کو بھی چار محکموں میں سے ایک میں ضم کر دیا جائے گا، غالباً یہ محنت اور بہبود عامہ کی وزارت میں ضم ہو جائے گی۔
آئزن کوٹ کی متوقع حکومت کئی محکموں کو بند یا مضبوط کرکے اگلی حکومت کو 31 وزارتوں سے 24 یا اس سے کم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔یہ دو دہائیوں میں کسی اسرائیلی حکومت میں وزارتوں کی سب سے کم تعداد ہوگی، کیونکہ 2006 میں ایہود اولمرٹ کے پاس 22 وزارتیں تھیں۔ نیتن یاہو کے 2009 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے بننے والی کسی بھی حکومت میں وزیروں کی تعداد 28 سے کم نہیں رہی۔
سابق ریاستی کنٹرولر متان یاہو انگلمین نے مئی کی ایک رپورٹ میں متنبہ کیا تھا کہ اسرائیل کے پاس یورپی ممالک کے مقابلے میں تین گنا زیادہ وزارتیں ہیں، جو حکومت کی کارکردگی کو کمزور کرتی ہیں، عوامی خدمات میں خلل ڈالتی ہیں اور ٹیکس دہندگان کے کروڑوں کے فنڈز ضائع کرتی ہیں۔
قومی سلامتی اتمار بن گویر کے پنجے سے نکل کر بائیں بازو کے ہاتھوں میں
قومی سلامتی کا قلمدان اس وقت انتہائی دائیں بازو کے اتمار بن گویر کے پاس ہے، جس نے اس خبر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ "دہشت گرد خوش ہو رہے ہیں، یہودی رو رہے ہیں۔”
بن گویر کی وزارت نے عرب اسرائیلیوں (مسلمانوں) کو عملاً خون کے آنسو رلا دیئے تھے۔ اب بھی وہ عرب جماعتوں کے 19 ارکان پارلیمنٹ کو کھلم کھلا دہشتگردوں کے حمایتی کہتے ہیں اور مغربی کنارے میں آبادکاروں کی فلسطینیوں کے خلاف ننگے مظالم اور غنڈہ گردی کی کھلی حمایت کرتے ہیں۔
اب یہ حیران کرنے والی تبدیلی آ رہی ہے کہ عربوں کو اذیت دینے کا ذریعہ بننے والی وزارت انتہائی انتہا پسند یہودی کے ہاتھوں سے پھسل کر بائیں بازو کے ان ڈیموکریٹس کے کنٹرول میں جا رہی ہے جو عرب پارٹیوں کی اسرائیلی سیاست اور حکومت میں شمولیت کی انتھک وکالت کر رہے ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈیموکریٹس کو تعلیم کی وزارت کا فیوریٹ پورٹ فولیو نہیں ملے گا، اس کے برعکس پہلے کی عبرانی میڈیا رپورٹس کے باوجود، یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ اسے یشار ک پارٹی کے پاس برقرار رکھا جا سکتا ہے، اور نہ ہی ڈیموکریٹس کو انصاف کا پورٹ فولیو ملے گا، جس کے لیے انہوں نے مہم بھی چلائی تھی اور توقع کی جاتی ہے کہ اسے یا تو انصاف کی وزارت یا تو لیبرمین کو یادی جائے گی یا اسے بھی یشار پارٹی اپنے پاس رکھے گی۔

پارٹی نے انصاف کے قلمدان کی تلاش جاری رہنے کو تسلیم کیا لیکن کہا کہ چینج بلاک کی حکومت کے قیام کے لیے وابستگی اور "قومی ذمہ داری کا تقاضا ہے کہ ہم تیزی سے کام کریں، معاہدے تک پہنچیں اور سمجھوتہ کرنے پر آمادگی کا مظاہرہ کریں۔”
یشار پارٹی نے کہا کہ معاہدے میں "عدالتی نظام میں نیتن یاہو کی مسلط کردہ تبدیلوں کو مکمل طور پر منسوخ کرنے، عدلیہ کی آزادی کے تحفظ اور اسرائیلی معاشرے، اسرائیلی جمہوریت اور عرب معاشرے کے لیے اہم کامیابیوں کو محفوظ بنانے کا عہد شامل ہے۔”
پارٹی نے کہا، "ایسا کرنے سے، ہم نیتن یاہو حکومت کے خاتمے اور اسرائیلی جمہوریت کو بچانے کی راہ ہموار کر رہے ہیں،” پارٹی نے مزید کہا کہ فریقین معاہدے پر دستخط کرنے سے قبل باقی تفصیلات کو حتمی شکل دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

پرائم منسٹر کی پارٹی کنیست آئین، قانون اور انصاف کمیٹی کی سربراہی بھی کرے گی،اس کا ہی جوڈیشل سلیکشن کمیٹی میں ایک نمائندہ ہوگا اور حکومت اور کنیست کے درمیان رابطہ کرنے والے وزیر (پارلیمانی امور) کا عہدہ بھی یشار پارٹی کے ہی کسی رکن کو ملے گا۔
یہ معاہدہ یشار کے اس اعلان کے چند گھنٹے بعد ہوا کہ ڈیموکریٹس کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع ہو گئے ہیں۔ڈیموکریتس کے لیڈر یائیر گولن نے منگل کو یشار کے لیکود کے ساتھ جاری اتحاد کی بات چیت ک یسزا دینے کے لئے اتحادی مذاکرات کو روک دیا تھا۔ اس اقدام کے بعد چیزیں تیزی سے بدلیں اور نام نہاد قومی اتفاق رائے کی حکومت کی مزید کوشش عملاً ترک کر کے آئزن کوٹ اپنے الیکشن کے اتحادیوں کی طرف واپس لوٹ آئے۔
آئزن کوٹ ہریدی پارٹیوں کو ساتھ لا رہے ہیں
آئزن کوٹ نے ہریدی پارٹیوں کو حکومت میں لانے کے لئے لازمی فوجی سروس سب کیلئے ہونے کا اپنا انتخابی نعرہ ترک کرنے کا راستہ چن لیا ہے۔
آئزن کوٹ نے اشارہ دیا ہے کہ وہ اگلے ہفتے کے اوائل میں حکومت میں حلف اٹھانے کےلیے پرعزم ہیں، حالانکہ اکثریت کو جمع کرنے کا ان کا راستہ نیتن یاہو کے لیکود کے دیرینہ ساتھی UTJ کے ساتھ مذاکرات کے درمیان الجھا ہوا ہے۔

اگرچہ UTJ کے ساتھ باضابطہ اتحادی مذاکرات ابھی شروع ہونا باقی ہیں، جمعرات کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ گہری، غیر رسمی بات چیت نتیجہ خیز ہونے کے قریب ہے، کچھ کا کہنا ہے کہ فریقین پہلے سے ہی کابینہ کی تقرریوں پر بات کر رہے ہیں، جس کی UTJ نے جمعرات کو تردید کی، Ynet کے مطابق، ساتھ ہی ساتھ دوسری ہریدی پارٹی شاس Shas کی حکومت میں ممکنہ شمولیت کے بارے میں بھی درپردہ کوشش آگے بڑھی ہے۔
Ynet نیوز سائٹ کے مطابق، آئزن کوٹ کابینہ کے عہدوں کی تقسیم کو حتمی شکل دینے کے ذریعے ہفتے کے آخر تک اپنے چار پارٹی بلاک کے اندر اتحادی معاہدوں کو مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک بار محفوظ ہونے کے بعد، وہ اپنے بلاک کے باہر سے شراکت داروں کو لانے پر توجہ مرکوز کریں گے اس مرحلے میں بشمول الٹرا آرتھوڈوکس ہریدی پارٹیوں پر ان کی توجہ رہے گی۔
لیبر مین کی سٹیٹسمین شپ؟
نیتن یاہو کی حکومت میں اتحادی کی حیثیت سے شامل حریدی پارٹیوں کی نیتن یاہو کے مخالف ممکنہ اتحاد میں شمولیت اس مہینے کے شروع میں ممکن ہوئی، جب یسرائیل بیتونی پارٹی کے لیڈر لبرمین نے اپنی فوجی سروس کے ایشو پر ہریدی پارٹیوں کی طوی لعرصہ سے جاری مخالفت چھوڑ دی اور اپنے مخالف ہریدیوں کو ہی حکومت میں لانے کے لئے UTJ کے ساتھ بات چیت شروع کی۔ لیبر مین کی اس مکمل قلابازی کی وجہ ہریدیوں کے ساتھ کوئی ہمدردی نہیں بلکہ عرب اسرائیلی پارٹیوں کو حکومت سے باہر رکھنے کی ضد ہے۔ وہ آئزن کوٹ کو درکار ووٹ پورے کر کے دینے کے لئے اپنے مخالف ہریدیوں کے ساتھ تو صلح کر رہے ہیں لیکن عرب پارٹیوں خصوصاً جوائنت لسٹ کو حکومت سے باہر رہ کر بھی حکومت کی حمایت کرنے کی آپشن دینے پر بھی آمادہ نہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: نیتن یاہو کے اتحادیوں کے آئزن کوٹ کا اتحادی بن جانےکی کھلی علامات
یونائٹڈ توراۃ یہودیت کے رکن پارلیمنٹ اور لیڈر اضحاک گولڈنوف نےآج بتایا کہ لیبرمین نے اپنے ماضی کے بیانات پر معافی مانگی ہے۔ اس وقت لائبر مین نے کہا تھا کہ ہریدیوں کو بھی بی بی (نیتن یاہو) کے ساتھ کچرے کے ڈھیر پر پھینکا جائے گا۔
"اس نے معافی مانگی،” سابق UTJ رہنما نے رہیدی کمیونٹی کےریڈیو کو بتایا۔ "اگر وہ اب تورات کے عظیم حکیموں کے الفاظ کے تابع ہو رہا ہے، تو اس نے یہ کہا یا نہ کہا [کوئی فرق نہیں پڑتا]۔”
گولڈکنوف نے نیتن یاہو کے بلاک میں اپنے شراکت داروں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: "کچھ لوگوں نے چار سال تک ہمارے ساتھ دروازے کی چٹائیوں کی طرح سلوک کیا۔”
یشار ایک فوجی ڈرافٹ فریم ورک پر UTJ کے ساتھ غیر رسمی بات چیت میں مصروف ہے جو الٹرا آرتھوڈوکس یشیوا سٹوڈنٹس کے لیے بڑی چھوٹ کو مؤثر طریقے سے محفوظ رکھے گا۔ ربی موشے ہلیل ہرش، ڈیگل ہاتورہ کے سرکردہ روحانی حکام میں سے ایک ہیں، انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل کی کوئی بھی حکومت اس مذہبی جمود (سٹیٹس کیو)کو برقرار رکھے، جو آرتھوڈوکس یہودیت کو اسرائیل میں مذہبی زندگی کے اہم پہلوؤں پر اجارہ داری دیتا ہے اور غیر آرتھوڈوکس سلسلے کو تسلیم نہیں کرتا ہے۔
منصور عباس اور جوائنت لسٹ بھی یونائٹڈ توراۃ یہودیت کے ساتھ؟
اس دوران ایک خوشگوار ڈیویلپمنٹ یہ ہوئی کہ نیتن یاہو کے "الیکشن چوری” کے الزام اور پروپیگنڈا کا مسلسل نشانہ بنی رہی عرب مسلمانوں کی پارٹی رعم کے لیڈر منصور عباس نے Ra’am اور UTJ کے ساتھ اتحاد کی پیش گوئی کی، جس کی جوائنٹ لسٹ بھی حمایت کر رہی ہے۔جوائنٹ لسٹ عرب ووٹرز کی سب سے بڑی پارٹی ہے۔
راعم پارٹی کے چیئرمین منصور عباس نے جمعرات کو پیش گوئی کی کہ آئزن کوٹ بالآخر جوائنٹ لسٹ کی (باہر رہتے ہوئے) حمایت کے ساتھ اپنے بلاک، UTJ اور Ra’am پر مشتمل ایک حکومت بنانے جا رہے ہیں۔
منصور عباس نے سرکاری نیوز آؤٹ لیٹ کان کے عربی زبان کے ماکان ریڈیو سٹیشن کو بتایا، "ایک حکومت تشکیل دی جائے گی جس میں چینج بلاک اور متحدہ توراۃ یہودیت کی جماعتوں کے ساتھ راعم کی بھی شرکت ہو گی اور عرب جوائنٹ لسٹ کے فراہم کردہ پارلیمانی حفاظتی نیٹ کی بھی حمایت اسے حاصل ہوگی۔” راعم نے بار بار حکومت میں شامل ہونے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جبکہ جوائنٹ لسٹ نے کہا ہے کہ وہ وزارتوں میں شامل ہوئے بغیر نیتن یاہو کی جگہ لینے والے اتحاد کو اپنی بیرونی حمایت فراہم کر سکتا ہے۔
نیتن یاہو اور بن گویر کو نکالنے کے لئے کچھ بھی کریں گے!
جوائنٹ لسٹ کے سربراہ یوسف جبرین نے جمعرات کو ایک بیان میں وعدہ کیا کہ ان کا اتحاد نیتن یاہو اور بین گویر کو اقتدار میں رہنے یا دوبارہ اقتدار میں آنے سے روکنے کے لیے "ہر ممکن کوشش کرے گا، اور ایک ایسی حکومت کے قیام کو ممکن بنائے گا جو ان کی جگہ لے۔”
یہ عرب قیادت والی پارٹی کی آئزن کوٹ کی زیر قیادت ممکنہ حکومت کو حفاظتی نیٹ فراہم کرنے کی خواہش کا مزید اشارہ تھا۔
یہ بھی پڑھیئے: اسرائیل کی پارلیمنٹ میں عربوں کے ووٹ سے نیتن یاہو کے سپیکر کی شکست، کاہنا نئے سپیکر
جبرین تین پارٹیوں سے مل کر بنی عرب جوائنٹ لسٹ کے اندر پانچ ارکان پارلیمنٹ والی پارٹی کمیونسٹ شداد کے لیڈر ہیں۔ جبرین نے آج مطالبہ کیا کہ اگلی حکومت عرب معاشرے میں بڑھتے ہوئے جرائم کا مقابلہ کرے، کمیونٹی کے گھروں کی مسماری کو روکے اور تعلیم، بنیادی ڈھانچے، صحت کی دیکھ بھال، ہاؤسنگ اور روزگار میں کثیر سالہ سرمایہ کاری کے منصوبے کے ساتھ ساتھ "اشتعال انگیزی اور نسل پرستی کا مقابلہ کرے۔”


