اسلام آباد – وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں ایک خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نے اس واقعے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی ہدایات جاری کیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا: "واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں اور نہ ہی کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔”
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ:”ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام تر قانونی اقدامات کیے جائیں اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔”
وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کسی بھی قسم کے غیر قانونی اقدام کو برداشت نہیں کرے گی۔
یہ واقعہ بلوچستان میں حالیہ دنوں پیش آیا جس میں ایک مرد اور خاتون کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، جس پر ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ وزیراعظم کی مداخلت سے اس کیس کو اعلیٰ سطح پر ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کا امکان ہے۔