اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر روانہ ہوگئے۔ روانگی سے قبل چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے وزیراعظم کو ملک میں مجموعی سیلابی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم کو دریاؤں میں طغیانی اور زیر آب آنے والے علاقوں میں جاری ریسکیو و ریلیف آپریشن کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی لاہور سے وزیراعظم کے ہمراہ نارووال روانہ ہوئیں، دورانِ سفر سیلابی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے نے مزید بریفنگ بھی دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فضائی جائزے کے دوران متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے اور ریلیف آپریشن میں تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کو نارووال میں سیلابی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
