کراچی بندرگاہ نے پاکستان کا نام روشن کر دیا، عالمی رینکنگ میں تاریخی چھلانگ

Screenshot 20250912 120603



کراچی: پاکستان کی سب سے بڑی اور مصروف بندرگاہ "کراچی پورٹ” نے عالمی سطح پر شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے مطابق کراچی بندرگاہ نے رینکنگ میں 405 ویں نمبر سے 61 ویں نمبر پر آ کر نمایاں مقام حاصل کیا ہے، جو پاکستان کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ درجہ بندی عالمی شپنگ اور لاجسٹک کارکردگی کے مختلف پیمانوں کی بنیاد پر کی جاتی ہے جن میں کارگو ہینڈلنگ، آپریشنل استعداد، ٹرن اراؤنڈ ٹائم، انفراسٹرکچر کی بہتری اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ کی اتنی بڑی بہتری بندرگاہی نظام میں حالیہ اصلاحات اور سرمایہ کاری کا نتیجہ ہے۔
پورٹ حکام کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں جدید مشینری، ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹمز اور کارگو کلیئرنس کے عمل میں سہولتوں نے مجموعی استعداد کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ اسی وجہ سے کراچی بندرگاہ خطے کی بڑی بندرگاہوں کی صف میں شامل ہو گئی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس کامیابی سے نہ صرف پاکستان کی بندرگاہی صلاحیت پر دنیا کا اعتماد بڑھے گا بلکہ بین الاقوامی تجارت کے لیے مزید مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس ترقی کے بعد پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور برآمدات کے شعبے کو نمایاں فروغ ملے گا۔
وزارتِ بحری امور کے حکام نے اس پیش رفت کو "پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی پوری قوم کے لیے خوشخبری ہے اور اس سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

متعلقہ پوسٹ