الیکٹرک بس سروس کے تمام 21 روٹس فعال، شہریوں کو سستی اور جدید سفری سہولت کی فراہمی

Screenshot 20260105 114104


اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر شہریوں کو معیاری، سستی اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے شروع کیے گئے الیکٹرک بس منصوبے کے تحت تمام 21 روٹس کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہری ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور عوام کو بہتر سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکٹرک بس سروس کو عوام کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، جس کے باعث روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہی دن میں ایک لاکھ دو ہزار شہریوں نے الیکٹرک بس سروس سے استفادہ کیا، جو اس منصوبے کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ الیکٹرک بس سروس نہ صرف سفری اخراجات میں نمایاں کمی کا باعث بن رہی ہے بلکہ ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔ الیکٹرک بسیں جدید سہولیات سے آراستہ ہیں، جن میں ایئر کنڈیشننگ، آرام دہ نشستیں، معذور افراد کے لیے خصوصی سہولیات اور ڈیجیٹل ٹکٹنگ سسٹم شامل ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ الیکٹرک بس منصوبہ حکومت کے صاف توانائی اور پائیدار ترقی کے وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد ایندھن پر انحصار کم کرنا اور کاربن کے اخراج میں کمی لانا ہے۔ حکام کے مطابق مستقبل میں الیکٹرک بسوں کی تعداد میں مزید اضافہ اور نئے روٹس متعارف کرانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکٹرک بس سروس نے روزمرہ سفر کو آسان، محفوظ اور کم خرچ بنا دیا ہے، جس سے بالخصوص طلبہ، ملازمین اور بزرگ شہریوں کو نمایاں فائدہ پہنچ رہا ہے۔

متعلقہ پوسٹ