|
ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ کو آج 28واں دن ہے۔ امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔ اس جنگ کے تازہ ترین اپ ڈیٹس۔ |
صبح چھ بج کر 15 بجے
’ایران نے توانائی تنصیبات پر حملوں میں 10 روزہ وقفے کی درخواست نہیں کی‘
امریکی نیوز ویب سائٹ وال سٹریٹ جرنل نے جمعرات کو امن مذاکرات کے ثالثوں کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ ایران نے اپنی توانائی کی تنصیبات پر حملوں میں 10 روزہ وقفے کی کوئی درخواست نہیں کی اور نہ ہی جنگ کے خاتمے کے لیے پیش کیے گئے 15 نکاتی منصوبے پر اپنا حتمی جواب دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا تھا کہ وہ ایران کی توانائی تنصیبات پر حملے 10 دن کے لیے روک رہے ہیں کیونکہ ان کے بقول یہ درخواست ایرانی حکومت کی جانب سے کی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تہران کے ساتھ مذاکرات ’بہت اچھے‘ جا رہے ہیں۔ روئٹرز
صبح چھ بج کر 30 بجے
اسرائیل کے تہران میں ’انفراسٹرکچر‘ اہداف پر حملے
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے جمعے کی صبح تہران میں ’انفراسٹرکچر‘ اہداف پر حملے کیے ہیں۔
ایک مختصر فوجی بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی افواج نے تہران کے وسط میں ایرانی حکومت کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بناتے ہوئے وسیع پیمانے پر حملوں کا سلسلہ مکمل کر لیا۔ اے ایف پی

