کراچی — امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو عوام پر "پیٹرول بم” قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے واضح انتباہ کیا کہ اگر قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو ملک بھر میں دھرنوں اور پہیہ جام ہڑتال کی کال دی جائے گی۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت حالات سے فائدہ اٹھا کر اپنی نااہلی پر پردہ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنوں کو چاروں صوبوں میں وزیر اعلیٰ ہاؤسز کے گھیراؤ کی تیاری کی ہدایت بھی کر دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت 458 روپے 41 پیسے اور ڈیزل 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر تک پہنچنے سے غریب اور متوسط طبقے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ موٹرسائیکل سوار، طلبہ، ڈیلی ویج والے اور ڈیلیوری والے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ گھروں سے نکل کر اس ظلم کے خلاف متحد ہو جائیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آج سے ہی ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کر دی گئی ہے۔ اگر حکومت نے فوری طور پر قیمتوں میں کمی نہ کی تو شدید احتجاجی پروگرام کا اعلان کیا جائے گا، جس میں پہیہ جام ہڑتال اور دھرنے شامل ہوں گے۔
جماعت اسلامی نے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ بین الاقوامی تیل کی قیمتوں کے بہانے عوام سے ناجائز ٹیکس وصول کر رہی ہے جبکہ اپنی نااہلی اور کرپشن چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

