مظفرآباد: ووٹر لسٹوں میں ناموں کا اخراج تشویشناک، شفاف انتخابات یقینی بنائے جائیں: اسلم ندارسلہری

IMG 20260416 WA0595


مظفرآباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر حلقہ ایل اے-35 جموں 2، اسلم ندارسلہری نے ووٹر لسٹوں میں ناموں کے اخراج کو انتہائی سنجیدہ اور قابلِ تشویش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل سے متاثرہ افراد کے بنیادی جمہوری حقوق مجروح ہو رہے ہیں اور انتخابی عمل کی شفافیت پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
مختلف دیہات کے دوروں کے دوران مہاجرین جموں و کشمیر سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں شہریوں نے ووٹر لسٹوں میں اپنے نام شامل نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، جس کے باعث عوام میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہاجرین کو حقِ رائے دہی سے محروم کرنا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں اور ذمہ داران کے خلاف مؤثر کارروائی ہونی چاہیے۔
اسلم ندارسلہری نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس سارے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں اور متعلقہ حکام کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کروا رہے ہیں تاکہ تمام اہل ووٹرز کا اندراج یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی جانب سے پرانے ووٹرز کے نام بحال کرنے اور نئے ووٹروں کے اندراج کی تاریخ میں توسیع کو مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے متاثرہ افراد کو ریلیف ملے گا اور انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ ان فیصلوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی سطح پر کوتاہی نہ برتی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوری اقدار کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے اور آئندہ انتخابات میں شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ماحول کے قیام کے لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔
اسلم ندارسلہری نے الزام عائد کیا کہ بعض سابق امیدواروں کی جانب سے ووٹرز کے ناموں کے اخراج جیسے اقدامات سامنے آئے ہیں جو انتخابی عمل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں اور انتخابی عمل کو متنازع بنانے سے گریز کریں۔
انہوں نے مہاجرین سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کے اندراج اور تصدیق کے عمل میں بھرپور دلچسپی لیں اور کسی بھی غلطی یا کوتاہی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رجوع کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی مہاجرین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں آزاد، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ حقیقی عوامی نمائندے سامنے آئیں اور عوام کے مسائل کا مؤثر حل ممکن ہو سکے۔

متعلقہ پوسٹ