
(24 نیوز)امریکہ میں منعقد ہونے والے مشہور ورلڈز اگلیئسٹ ڈاگ مقابلے میں 6 سالہ پگ جِنی لو نے 2026 کا اعزاز اپنے نام کر لیا، اس مقابلے کا مقصد صرف کتوں کی ظاہری شکل کا مذاق اڑانا نہیں بلکہ ان کی انفرادیت، محبت اور جانوروں کو گود لینے کے پیغام کو اجاگر کرنا ہے۔
ورلڈز اگلیئسٹ ڈاگ مقابلے کا 50 واں سالانہ ایونٹ 14 اگست کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سانتا روزا میں سونوما کاؤنٹی فیئر گراؤنڈز میں منعقد ہوا، مقابلے میں مختلف نسلوں اور منفرد شکل و صورت رکھنے والے کتوں نے شرکت کی، جنہیں دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
مزید پڑھیں:آسیب کا خوف، 600 طلبہ نے بورڈنگ سکول چھوڑ دیا
جِنی لو کی کامیابی کے ساتھ اس کی مالکن مشیل گریڈی کو 5 ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی گئی، جو پاکستانی روپوں میں تقریباً 13 لاکھ 86 ہزار روپے بنتی ہے، مقابلے میں دوسرے نمبر پر پنکی نامی چیہواہوا اور پومیرینین نسل کا ملا جلا کتا رہا، جسے 3 ہزار ڈالر کا انعام ملا، جو تقریباً 8 لاکھ 32 ہزار پاکستانی روپے بنتے ہیں۔ تیسرے نمبر پر آنے والے اوٹو نامی چیہواہوا مکس کو 2 ہزار ڈالر دیے گئے، جو تقریباً 5 لاکھ 54 ہزار پاکستانی روپے بنتے ہیں۔
(دوسرے نمبر پر آنے والا کتا ’پنکی‘)
جِنی لو کو چار سال قبل پگ ریسکیو کے ذریعے گود لیا گیا تھا، مقابلے کے منتظمین کے مطابق، اس کے بعد سے وہ اپنے خاندان کے لیے شرارت، خوشی اور محبت کا مستقل ذریعہ بنا ہوا ہے، اس کی مالکن کے مطابق جِنی لو اس مقابلے میں شرکت کرنا، لوگوں سے ملنا اور تقریب کی سرگرمیوں کا حصہ بننا بہت پسند کرتا ہے، 2026 میں کامیابی سے پہلے وہ تین مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنے کی کوشش کر چکا تھا۔

