ہمسایہ ممالک میں مداخلت اور پراکسیز کی حمایت بھارت کو مہنگی پڑ گئی، بنگلا دیش سے تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے، مودی سرکار کو ایک اور سفارتی دھچکا لگا ہے، بنگلا دیشی وزیراعظم نے بھارتی پراکسی شیخ حسینہ کی حوالگی تک بھارت جانے سے انکار کردیا، ہمسایہ ممالک میں مداخلت، خطے میں عدم استحکام اور ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی بھارت کا مکروہ ایجنڈا ہے۔
بھارتی جریدے ’’ دی ہندو‘‘ کے مطابق بنگلا دیش نے واضح کیا کہ بھارتی پراکسی حسینہ واجد کی حوالگی تک وزیراعظم طارق رحمان بھارت کا دورہ نہیں کرینگے۔
ترجمان بنگلا دیشی وزارت خارجہ اے کے ایم شاہد کریم نے کہا کہ وزیراعظم طارق رحمان کے دورے سے پہلے بھارت کو موزوں ماحول پیدا کرنا ہو گا، بھارت مجرمہ شیخ حسینہ اور دیگر مفرور ملزمان کی حوالگی کے عمل کو تیز کرے۔
وزیراعظم طارق رحمان عہدہ سنبھالنے کے بعد بھارت کے بجائے ملائیشیا اور چین کا دورہ کرچکے ہیں،بنگلا دیشی عدالت نے مفرور شیخ حسینہ کو انسانیت کیخلاف جرائم کا مجرم قرار دے کر سزائے موت سنائی تھی۔
ماہرین کے مطابق بھارت کا مجرمان کو پناہ دینا عالمی قوانین اور اخلاقی اقدار سے عاری ہونے کا واضح ثبوت ہے۔

