جمیعت علمائے اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے درمیان متحدہ اپوزیشن کے قیام پر اتفاق ہوگیا ہے جس کا آغاز پارلیمنٹ سے ہوگا۔
سربراہ جمیعت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن اتحاد کا اعلان کیا، جس سے قبل جمعیت علمائے اسلام اوراپوزیشن اتحاد کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس بھی کل بلایا جائے گا اور اپوزیشن اتحاد مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کرے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چئیرمین عمران خان کی صحت کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اپوزیشن کے ساتھ پہلی بیٹھک تھی اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ متحدہ اپوزیشن بنائی جائے، یہ پہلی نشست تھی تاہم مزید مشاورت ہوگی۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی شمولیت سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ ہے جبکہ ہم اپوزیشن کی بات کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کل جماعتی کانفرنس پر بات ہونی چاہیے۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا سڑکوں پر بھی ساتھ دیں گے یا پارلیمینٹ میں، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہم سورہ فاتحہ پڑھتے ہیں اور آپ سورۃ الناس پر پہنچ جاتے ہیں۔
Source link

