اسلام آباد:بیورورپورٹ محمد سلیم سے
پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے پولیس کے تعاون سے گزشتہ چند روز کے دوران متعدد انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کیں جن میں 49 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے اضلاع مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے گئے، جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم عناصر سے تعلق رکھنے والے 37 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیار، دھماکا خیز مواد اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات بھی قبضے میں لے کر تلف کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں، شمالی وزیرستان، کرم اور خیبر اضلاع میں بھی کارروائیاں کی گئیں جن میں مبینہ طور پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم عناصر سے تعلق رکھنے والے 12 افراد ہلاک ہوئے۔ ان آپریشنز میں دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈیز، ہتھیار، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔

