بیئر بھی پریشان ماشا بھی حیرانمشہور کارٹون پر پابندی عائد

news 1787374125 6287



news 1787374125 6287

(24 نیوز)یوکرین نے روس کے مقبول بچوں کے کارٹون’’ماشا اینڈ دی بیئر‘‘ کے پروڈیوسرز اور تقسیم کاروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

 یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارٹون روس کے حق میں بیانیہ پھیلانے کا ذریعہ بن رہا ہے اور اس سے یوکرین کی قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق یوکرین کی وزیرِ ثقافت تاتیانا بریژنا نے  سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ حکومت نے کارٹون تیار کرنے والوں اور اسے تقسیم کرنے والوں کے خلاف پابندیاں عائد کی ہیں۔

 ان کے مطابق اس اقدام سے یوکرین میں کارٹون کے مواد کو روکنے اور عالمی پلیٹ فارمز پر اس کی آمدنی اور تقسیم محدود کرنے کے لیے قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے جمعرات کو اس حوالے سے حکم نامے پر دستخط کیے، پابندیوں کی زد میں کارٹون بنانے والا اسٹوڈیو اینیماکارڈ سمیت سیریز سے وابستہ دیگر افراد اور ادارے بھی شامل ہیں۔

 مزید پڑھیں:امریکی طیارہ ایمرجنسی سگنل دینے کے بعد آبنائے ہرمز کے قریب لاپتہ

’’ماشا اینڈ دی بیئر‘‘ دنیا بھر میں انتہائی مقبول بچوں کا کارٹون ہے، اس میں ماشا نامی ایک شرارتی بچی اور اس کے دوست ریٹائرڈ سرکس ریچھ کی کہانی دکھائی جاتی ہے۔

 کارٹون کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف اس کے یوٹیوب چینل پر ویڈیوز کو 37 ارب سے زیادہ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

 بعض اقساط کو چار ارب سے زیادہ مرتبہ بھی دیکھا گیا ہے، یہ کارٹون دنیا کے تقریباً 100 ممالک میں نشر ہوتا ہے۔

تاہم یوکرین اور اس کے بعض اتحادی ممالک، جن میں برطانیہ اور ایسٹونیا بھی شامل ہیں، اس کارٹون پر تنقید کرتے رہے ہیں۔

 ان کا مؤقف ہے کہ یہ روس کا مثبت تاثر پیش کرتا ہے اور روس کے ثقافتی اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لیے نرم طاقت کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال ہو سکتا ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ