سرکارِ دو عالم ﷺ کی آمد کا جشن، پاکستان درود و سلام کی صداؤں سے گونج اٹھا

جشن عید میلادالنبی.webp


ملک بھر میں آج عید میلادالنبی ﷺ مذہبی جوش، عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے مساجد، گھروں اور سرکاری عمارتوں پر چراغاں، شہر شہر جلوس اور محافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

بول نیوز کے مطابق پاکستان بھر میں آج 12 ربیع الاول کے بابرکت اور پُرنور موقع پر خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کا جشن انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

دن کا آغاز مساجد میں درود و سلام، نعت خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ علماء کرام اور ائمہ مساجد نے امت مسلمہ، پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں، جبکہ عاشقانِ رسول ﷺ نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی دی گئی۔ اسلام آباد میں 31 جبکہ کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے فضائیں گونج اٹھیں۔

ملک کے مختلف شہروں میں عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں جلسے، جلوس، ریلیاں، محافلِ میلاد اور سیرت کانفرنسز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ ان اجتماعات میں علمائے کرام حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ، حسنِ اخلاق، انسانیت سے محبت، رواداری، عدل اور بھائی چارے کے پیغام کو اجاگر کررہے ہیں۔

شہروں کی گلیاں اور بازار بھی جشنِ ولادت کے رنگ میں رنگ گئے ہیں۔ شہریوں نے اپنے گھروں، دکانوں اور گلیوں کو برقی قمقموں، سبز جھنڈیوں اور خوبصورت آرائشی سامان سے سجا رکھا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر درود و سلام اور نعتوں کی صدائیں فضا کو روحانی کیفیت سے منور کررہی ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس، ایوانِ صدر، وزیراعظم ہاؤس سمیت متعدد سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں کو بھی برقی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ مختلف شہروں میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کے خوبصورت ماڈلز بھی سڑکوں اور چوراہوں پر نصب کیے گئے ہیں، جو شہریوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

کراچی سمیت ملک بھر میں مرکزی جلوسوں اور دیگر مذہبی اجتماعات کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس کے اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں جبکہ حساس مقامات اور جلوس کے روٹس کی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ کراچی میں مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر بھاری تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

عاشقانِ رسول ﷺ آج اپنے اپنے انداز میں حضور نبی کریم ﷺ سے محبت و عقیدت کا اظہار کررہے ہیں۔ مختلف مقامات پر لنگر، سبیلیں اور کھانے پینے کی اشیا بھی تقسیم کی جارہی ہیں جبکہ محافل میں نعت خواں بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کررہے ہیں۔

یومِ ولادتِ رسول ﷺ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ عید میلادالنبی ﷺ کو ملک بھر میں بھرپور عقیدت و احترام اور شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔

یہ بابرکت دن صرف جشن کا موقع ہی نہیں بلکہ مسلمانوں کو سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانے، محبت، اخوت، برداشت، عدل اور انسانیت کی خدمت کو فروغ دینے کا پیغام بھی دیتا ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ