خفیہ فلم بندی تنازع کے بعد میٹا اسمارٹ گلاسیز کیلئے ’کِل سوئچ‘ پر کام کر رہا ہے


اطلاعات کے مطابق میٹا اپنے متنازع اسمارٹ گلاسیز کیلئے ایک ’’کِل سوئچ‘‘ تیار کرنے پر کام کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ کمپنی نے پہلی مرتبہ ۲۰۲۱ء میں رے بین کے اشتراک سے یہ اسمارٹ گلاسیز متعارف کرائے تھے، جن کے سامنے کی جانب نصب کیمرے سے تصاویر اور ویڈیوز بنانا آسان ہوجاتا ہے۔ حالیہ مہینوں میں ان چشموں کو مسلسل تنقید کا سامنا رہا ہے، کیونکہ ان کی مدد سے لوگوں کو ان کی اجازت یا علم کے بغیر فلمانا آسان ہوجاتا ہے۔ اسی ناراضی کے باعث انہیں غیر رسمی طور پر ’’پرورٹ گلاسیز‘‘ بھی کہا جانے لگا ہے۔
میٹا کی جانب سے رواں سال کے اوائل میں دائر کیا گیا اور گزشتہ ہفتے منظور ہونے والا ایک نیا پیٹنٹ ظاہر کرتا ہے کہ کمپنی چشموں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی صلاحیت کو محدود کرنے کے نئے طریقوں پر کام کر رہی ہے۔ اگرچہ یہ پیٹنٹ موجودہ تنازع سے پہلے دائر کیا گیا تھا، مگر ممکن ہے یہ نجی زندگی کے خطرات پر اٹھنے والے سوالات کے جواب میں تیار کیا گیا ہو۔ پیٹنٹ میں براہِ راست میٹا کے چشموں کا نام نہیں لیا گیا، تاہم اس کے خاکے موجودہ مارکیٹ کے چشموں سے خاصی مشابہت رکھتے ہیں، اور اس میں ایک ’’ہارڈویئر پرائیویسی میوٹ سرکٹ‘‘ کا ذکر ہے۔
یہ نظام چشموں میں موجود سینسرز کو خود ہارڈویئر کی سطح پر بند کرنے کی اجازت دے گا، جس سے ایسے پرائیویسی کنٹرولز حاصل ہوں گے جن سے چھیڑ چھاڑ کرنا مشکل ہوگا اور جنہیں سافٹ ویئر حملوں سے ناکام نہیں بنایا جا سکے گا۔ اس نظام کے نفاذ کی صورت میں چشمے جسمانی طور پر ریکارڈنگ کے قابل نہیں رہیں گے، یعنی کسی ہیک یا سافٹ ویئر مداخلت سے کیمرہ دوبارہ فعال نہیں ہو سکے گا۔ میٹا کے موجودہ چشموں میں بھی ایسی خصوصیات موجود ہیں، جیسے کیمرہ فعال ہونے پر جلنے والی لائٹ، تاہم آن لائن گائیڈز میں اس لائٹ کو چھپانے کے کئی طریقے بھی بتائے جا چکے ہیں۔

متعلقہ پوسٹ