اسلام آباد (بیورورپورٹ محمد سلیم سے ): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں بیرونِ ملک روزگار کے مواقع، افرادی قوت کی تربیت اور ڈیجیٹل نظام کی بہتری کا جائزہ لیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ بیرونِ ملک پاکستانی سفارتخانے پاکستانی افرادی قوت کیلئے روزگار کے مواقع کی تلاش میں تیزی لائیں اور پروٹیکٹریٹ آف امیگریشن کے تمام نظام کو ڈیجیٹائز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ سمندر پار پاکستانیز، نیووٹیک اور یوتھ پروگرام مل کر نوجوانوں کو ہنر اور زبان کے کورسز بمعہ بین الاقوامی سرٹیفیکیشن فراہم کریں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کی افرادی قوت باصلاحیت ہے اور حکومت اسے بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے پاکستانی سرٹیفیکیشنز کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے اور متعلقہ ممالک سے تعلیمی و تربیتی روابط مضبوط بنانے کی ہدایت بھی دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب پر اب تک 8 لاکھ نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعمیرات، زراعت، سیاحت، صحت، ٹرانسپورٹ، بائیوٹیکنالوجی، مینیوفیکچرنگ، شپ بلڈنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، نرسنگ، دواسازی اور فوڈ پروسیسنگ سمیت متعدد شعبوں میں بیرونِ ملک روزگار کے مواقع موجود ہیں، جن کیلئے تربیتی پروگرام جاری ہیں۔ سفارتخانے ان مواقع اور مطلوبہ قابلیت سے متعلق معلومات ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل پر فراہم کریں گے۔
اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین نیوٹیک راجا قمر الاسلام، چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

