سکھر:
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے شکارپور روڈ پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے ایمبولینس کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق مریضوں کو لے جانے والی ایمبولینس کو منشیات اسمگلنگ کے لیے استعمال کیے جانے کا سنسنی خیز انکشاف ہوا۔
کارروائی کے دوران ایمبولینس کے خفیہ خانوں سے مجموعی طور پر 49 کلو 400 گرام منشیات برآمد کی گئی جس میں 36 کلو چرس اور 13 کلو 400 گرام آئس شامل ہے۔
اے این ایف نے کارروائی کے دوران بین الصوبائی منشیات اسمگلر گروہ کے اہم کارندے لیاقت علی کو گرفتار کرلیا جو شکارپور کا رہائشی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق منشیات بلوچستان سے سندھ اسمگل کی جا رہی تھیں۔ گرفتار ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

