اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا اسلامی جمہوری نظام اس وقت اپنی تاریخ کی کمزور ترین حالت میں ہے اور اسے اقتدار سے ہٹانا اب اسرائیل اور امریکا کی دسترس میں ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نیتن یاہو نے یہ بات فوجی قیادت کے ساتھ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی حکومت اس وقت لڑکھڑا رہی ہے اور اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے۔
صیہونی ریاست کے وزیراعظم نیتن یاہو نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم اس خطرے (ایرانی حکومت) کو ہمیشہ کے لیے ختم کرسکتے ہیں یعنی ایرانی اسلامی جمہوری نظام کا تختہ الٹ سکتے ہیں۔
نیتن یاہو کے بقول ایرانی نظام کا خاتمہ اسرائیل کے سامنے موجود مرکزی اہداف میں شامل ہے اور یہ مقصد اب ناممکن نہیں رہا بلکہ امریکا و اسرائیل کی دسترس میں ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے کئی دہائیوں سے ایران کی مذہبی حکومت کو اسرائیل کے وجود اور سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

