گھر میں چوہے یا کاکروچ ایک بار ڈیرہ جما لیں تو ان سے چھٹکارا حاصل کرنا خاصا مشکل ہو جاتا ہے۔ کچن کی الماریوں سے لے کر سنک کے نیچے اور گھر کے تاریک کونوں تک، یہ بن بلائے مہمان ایسی جگہوں پر چھپ جاتے ہیں جہاں انہیں تلاش کرنا بھی آسان نہیں ہوتا۔
بازار میں ان سے نجات کیلئے مختلف اسپرے اور ادویات دستیاب ہیں مگر بعض گھریلو ٹوٹکے بھی خاصے مقبول ہیں۔ ایسا ہی ایک ٹوٹکا کھیرے، بیکنگ سوڈا، آٹے اور چینی کی مدد سے تیار کیا جاتا ہے۔
یہ پاؤڈر کیسے تیار کریں؟
اس گھریلو نسخے کیلئے بیکنگ سوڈا، آٹا اور پسی ہوئی چینی آدھی آدھی پیالی لے کر اچھی طرح مکس کر لیں۔ یوں چند منٹ میں مطلوبہ پاؤڈر تیار ہو جائے گا۔
اب کھیرے کی باری
ایک کھیرے کو موٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور تیار کردہ پاؤڈر ان ٹکڑوں کے اوپر ڈال دیں۔ اس کے بعد انہیں کچن یا گھر کے ان کونوں میں رکھا جاتا ہے جہاں چوہے یا کاکروچ زیادہ نظر آتے ہوں۔
اس ٹوٹکے کے بارے میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ چوہوں اور کاکروچ کو گھر سے دور رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے مگر اسے کیڑوں یا چوہوں سے نجات کا یقینی اور سائنسی طور پر ثابت شدہ طریقہ نہیں سمجھنا چاہیے۔


صرف ٹوٹکے پر انحصار نہ کریں
چوہوں اور کاکروچ کی واپسی روکنے کیلئے گھر میں کھانے کے ٹکڑے نہ چھوڑنا، کچرا ڈھکن والے ڈبے میں رکھنا، پانی کے رساؤ کو درست کرنا اور دیواروں یا دروازوں میں موجود سوراخ اور دراڑیں بند کرنا زیادہ اہم ہے۔
اگر گھر میں ان کی تعداد بہت زیادہ ہو تو گھریلو ٹوٹکوں کے بجائے مناسب پیسٹ کنٹرول کروانا زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔ بچوں اور پالتو جانوروں والے گھروں میں کسی بھی قسم کا پاؤڈر یا آمیزہ ان کی پہنچ سے دور رکھنا ضروری ہے۔

