مشرقِ وسطیٰ جنگ، بڑی ایئرلائن نے دبئی اور ریاض کی تمام پروازیں منسوخ کردیں
تمام پروازیں 30 نومبر 2026 تک منسوخ رہیں گی
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث بین الاقوامی فضائی سفر بھی متاثر ہونے لگا کیتھی پیسیفک نے دبئی اور ریاض جانے والی اپنی تمام مسافر پروازیں 30 نومبر 2026 تک منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔
ہانگ کانگ کی قومی فضائی کمپنی کیتھی پیسیفک نے جمعے کو جاری بیان میں کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال کے پیش نظر دبئی اور ریاض کے لیے تمام مسافر پروازیں 30 نومبر 2026 تک منسوخ رہیں گی۔

ایئرلائن کے مطابق متاثرہ مسافروں کو اپنے ٹکٹس دوبارہ بک کرانے، متبادل روٹ اختیار کرنے یا رقم واپس لینے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
کیتھے پیسیفک کا کہنا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں بدلتی ہوئی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور حالات کے مطابق مزید فیصلے کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ایک ماہ کی نسبتاً خاموشی کے بعد کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی ہے، جس کے بعد خطے میں فضائی سفر اور بین الاقوامی پروازوں پر بھی اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

