وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کاروباری برادری کو برآمدات بڑھانے میں سہولت ملے گی؛ ای ڈی ایف کے 24 ارب روپے مکمل طور پر سرمایہ کاری کے لیے مختص، انفراسٹرکچر پر کوئی خرچہ نہیں
اسلام آباد، 5 ستمبر 2026 — وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کے روز ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (EDF) اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان (EXIM Bank) کی جانب سے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کے لیے برآمدی انشورنس کوریج فراہم کرنے کا خیرمقدم کیا۔
ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 3 ارب روپے کا رسک پول بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس تک رسائی کو وسعت دے گا اور کاروباری برادری کو برآمدات کا حجم بڑھانے میں سہولت ملے گی۔ انہوں نے اسے ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے فروغ کے لیے انتہائی خوش آئند اقدام قرار دیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ای ڈی ایف کی تنظیم نو اور اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تنظیم نو اور اصلاحات کے بعد ای ڈی ایف کی قیادت نجی شعبے کے ماہرین کے سپرد کر دی گئی ہے۔
ای ڈی ایف کے پاس موجود 24 ارب روپے مکمل طور پر کاروباری برادری کی سہولت کے لیے سرمایہ کاری کے لیے مختص کر دیے گئے ہیں، مزید انفراسٹرکچر کی مد میں کسی قسم کا خرچہ نہیں کیا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای ڈی ایف میں ملکی معیشت کی ترقی اور کاروباری برادری کی سہولت کے لیے تحقیق، اسکلز ڈویلپمنٹ اور مسابقت میں اضافے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان کی یورپی مارکیٹ تک رسائی کے لیے خصوصی مراعاتی تجارتی نظام (GSP Plus Status) میں توسیع کے حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان کا یورپی یونین کے ترجیحی جی ایس پی پلس تجارتی اسکیم تک 2029 کے بعد رسوع اس کے اہم اقوام متحدہ کنونشنز کے نفاذ پر منحصر ہوگا، یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر رائمنڈاس کاروبلس نے کہا۔
وزیراعظم نے ملکی معیشت کو تقویت دینے کے لیے اصلاحات پر ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی ٹیم کی پزیرائی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات حکومت پاکستان کے ملکی معیشت کو فروغ دینے اور برآمدات میں اضافے کے عزم کے عکاس ہیں، اور ان اقدامات کے ذریعے پاکستان عالمی سطح پر سرمایہ کاری کا مرکز بنے گا۔
"یہ تمام اقدامات برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دینے کے عزم کی تکمیل کے لیے لیے جا رہے ہیں،” وزیراعظم نے کہا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، رانا تنویر حسین، جام کمال خان، احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، ای ڈی ایف بورڈ کے چیئرمین عمر سعید اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
اس سے قبل ہفتے میں حکومت نے دو برآمدی فنانسنگ معاہدے پر دستخط کیے تھے: ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان اور اسلامی کارپوریشن برائے انشورنس آف انویسٹمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کریڈٹ (ICIEC) کے درمیان ری انشورنس پارٹنر شپ، اور ای ڈی ایف اور پاک EXIM کے درمیان تقریباً 3 ارب روپے کا SME رسک پول۔

