افغانستان نے منگل کو بنگلہ دیش اور زمبابوے کے خلاف تمام فارمیٹس پر مشتمل میچز کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ یہ میچز آئندہ ماہ سے غیر جانب دار مقامات پر کھیلے جائیں گے۔
جنگ سے متاثرہ ملک اپنے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گا، جس کا آغاز 9 اکتوبر سے بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نصیب خان نے کہا: ’مختلف فارمیٹس میں بنگلہ دیش اور زمبابوے کے خلاف کھیلنا ہمارے کھلاڑیوں کو اہم مسابقتی مواقع فراہم کرے گا۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ٹیسٹ میچ کے بعد 17 سے 23 اکتوبر تک تین ملکی ایک روزہ بین الاقوامی سیریز کھیلی جائے گی، جس میں افغانستان، بنگلہ دیش اور زمبابوے ایک دوسرے کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلیں گے، جس کے بعد ٹاپ دو ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
اس کے بعد افغانستان 27 اکتوبر سے یکم نومبر تک زمبابوے کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کھیلے گا۔
دونوں ٹیمیں بعدازاں دو ٹیسٹ میچز میں بھی مدمقابل ہوں گی، پہلا ٹیسٹ 5 سے 9 نومبر اور دوسرا 13 سے 17 نومبر تک کھیلا جائے گا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ ہر میچ کے مقامات کا اعلان بعد میں کرے گا۔
افغانستان 13 ستمبر سے نئی دہلی میں انڈیا کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ہوم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز بھی کھیل رہا ہے۔

