نئے صوبوں کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہو گا، رانا ثناء اللہ

rana sana1781869226 0



لاہور:

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا،اس حوالے سے ریفرنڈم کرانے کا فیصلہ بھی پارلیمنٹ نے ہی کرنا ہے، 27 ستمبرکے لانگ مارچ کے حوالے سے تحریک انصاف سے مشاورت آن دی ریکارڈ ممکن نہیں، شاید آف دی ریکارڈ مشاورت ہو رہی ہو، جو ہوگا اس کا نتیجہ سامنے آ جائے گا رپورٹس ہیں کہ مارچ میں مسلح لوگ بھی ہو سکتے ہیں۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء  اللہ نے کہا کہ  بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی میں ملوث عناصر بھی اس لانگ مارچ  سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

جن لوگوں کے ارادے پرامن نہ ہوں، انہیں روکنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کا فرض ہے، جماعت اسلامی کا احتجاج پرامن ہوگا اور اس نے ہمیشہ آئینی و قانونی طریقہ اختیار کیا ہے۔

جتنی خواہش جماعت اسلامی کی پٹرول کی قیمت کم ہونے کی ہے، اتنی ہی خواہش وزیراعظم کی بھی ہے، حکومت سنجیدگی سے معاملے پر غور کر رہی ہے، جماعت اسلامی خود کو مشکل میں نہ ڈالے۔

پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان آزاد کشمیر انتخابات کے دوران پیدا ہونے والی تلخی میں کافی کمی آئی ہے، دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات بہتر انداز میں حل کیے جائیں گے۔

نئے صوبوں کے معاملے پر رانا ثناء  اللہ نے کہا کہ اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے موقف پر بات چیت جاری ہے، ن لیگ پارلیمنٹ میں بحث کا حصہ لے گی اور وزیراعظم بھی اس پر بات کریں گے۔

صوبے بننے یا نہ بننے کا حتمی فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے، ریفرنڈم کا فیصلہ بھی ہو تو اس کی اجازت پارلیمنٹ ہی دے گی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اکنامک فورم یا سیمینار میں صوبوں کی بحث نتیجہ خیز نہیں رہے گی، صوبوں سے متعلق بحث پارلیمنٹ میں نتیجہ خیز ہوگی، اگر عوام نئے صوبے چاہتے ہیں تو کوئی نہیں روک سکتا، عوام کے چاہنے کا معاملہ پارلیمنٹ میں ہوگا۔

وزیر داخلہ کی تقاریر بیانات اور فورمز پر بات کرنے سے کوئی بہتری نہیں آئی  وفاقی وزیر نے ابھی تک پارلیمنٹ یا کابینہ میں یہ بات نہیں کی، نئے صوبے بنانے کا معاملہ ابھی تک کابینہ میں اٹھایا ہی نہیں گیا،صوبوں پر بحث کا معاملہ جب پارلیمنٹ میں آئے گا تو ن لیگ اپنا پالیسی بیان دے گی، ن لیگ پارٹی کی ڈسٹرکٹ اور یونین کونسل کے کارکنوں کی سوچ پر غور کریگی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ امریکہ اور ایران کی جنگ ہے، پاکستان کا قیمتیں بڑھنے میں کوئی قصور نہیں، جنگ روکنے کی کوشش پاکستان نے سب سے زیادہ کی ہے۔

پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کا ارادہ رکھتی ہے، غیرمتحرک عہدیداروں اور خالی نشستوں کو آئندہ 30 دن میں پْر کیا جائے گا۔ بڑے شہروں میں بلدیاتی ادارے عوام کے قریب ہونے چاہئیں، اگر اختیارات کم ہیں تو انہیں مزید اختیارات دیے جا سکتے ہیں۔





Source link

متعلقہ پوسٹ