دفتر میں مسلسل کمپیوٹر کے سامنے بیٹھنا، موبائل یا لیپ ٹاپ استعمال کرتے ہوئے آگے جھک جانا اور طویل وقت تک ایک ہی پوزیشن میں رہنا پوسچر کو متاثر کر سکتا ہے۔
ایسے میں پوسچر کریکٹر بیلٹ کو کمر اور کندھے سیدھے رکھنے کا آسان حل سمجھا جاتا ہے، لیکن کیا اسے پہننے سے واقعی پوسچر مستقل طور پر درست ہو جاتا ہے؟
ماہرین کے مطابق پوسچر کریکٹر کو علاج کے بجائے ایک یاد دہانی یا اشارے کے طور پر سمجھنا زیادہ درست ہے۔ جب کندھے آگے کی طرف جھکتے ہیں تو اس کے اسٹریپس ہلکی مزاحمت پیدا کرتے ہیں، جس سے انسان کو اپنی غلط پوزیشن کا احساس ہو جاتا ہے۔
کیا پوسچر کریکٹر واقعی کمر سیدھی کر دیتا ہے؟
پوسچر کریکٹر پہننے سے وقتی طور پر کندھوں کو پیچھے رکھنے اور جھک کر بیٹھنے کی عادت کا احساس دلانے میں مدد مل سکتی ہے، تاہم صرف بیلٹ پہننے سے جسم خودبخود درست پوسچر سیکھ لے، اس خیال کی مضبوط سائنسی بنیاد موجود نہیں۔
درحقیقت بہتر پوسچر کیلئے ایک ہی پوزیشن میں گھنٹوں سیدھا بیٹھنا بھی ضروری نہیں۔ امریکی ادارے او ایس ایچ اے کی ایرگونومکس گائیڈنس کے مطابق کام کے دوران باقاعدگی سے پوزیشن تبدیل کرنا ضروری ہے، چاہے بیٹھنے کی پوزیشن بظاہر درست ہی کیوں نہ ہو۔
پوسچر کریکٹر خریدتے وقت کیا دیکھیں؟
ایسا پوسچر کریکٹر منتخب کرنا بہتر ہے جسے جسم کے مطابق ایڈجسٹ کیا جا سکے اور جو کندھوں کو زبردستی بہت پیچھے کھینچنے کے بجائے صرف جھکنے پر ہلکا سا احساس دلائے۔
اسے مستقل سہارا سمجھنے کے بجائے محدود وقت کیلئے پوسچر ریمائنڈر کے طور پر استعمال کرنا زیادہ مناسب ہے۔
صرف بیلٹ نہیں، اپنی کرسی بھی دیکھیں
غلط پوسچر کی وجہ ہمیشہ جسم نہیں ہوتا، بعض اوقات اصل مسئلہ آپ کا ورک اسٹیشن ہوتا ہے۔
کرسی میں کمر کے نچلے حصے یعنی لمبر ریجن کو مناسب سہارا ملنا چاہیے۔ اگر کرسی میں یہ سپورٹ موجود نہیں تو مناسب لمبر کشن مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
اسی طرح کمپیوٹر اسکرین کو سامنے رکھنا چاہیے اور اس کا اوپری حصہ عموماً آنکھوں کی سطح پر یا اس سے قدرے نیچے ہونا چاہیے۔ بہت نیچے رکھی اسکرین بار بار گردن اور جسم کو آگے جھکنے پر مجبور کر سکتی ہے۔

ورزش بھی ضروری
صرف باہر سے جسم کو سہارا دینے کے بجائے حرکت اور جسمانی مضبوطی پر توجہ دینا بھی ضروری ہے۔ عمومی طاقت اور موبیلیٹی کی ورزشیں اس حوالے سے زیادہ جامع حکمت عملی کا حصہ بن سکتی ہیں۔


