ہاکی ورلڈ کپ: پاکستانی کھلاڑی عبدالرحمٰن نے پولی گراس میجک اسکل ایوارڈ جیت لیا

abd1789738778 0



عالمی ہاکی فیڈریشن کے تحت ہالینڈ اور بیلجیئم میں اختتام پذیر ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے بعد عالمی سطح پر شائقینِ ہاکی کی جانب سے کی گئی ووٹنگ کے نتیجے میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی عبدالرحمٰن کو پولی گراس میجک اسکل ایوارڈ کا فاتح قرار دیا گیا ہے۔

عبدالرحمٰن نے یہ عالمی اعزاز ویلز کے خلاف میچ میں اپنے شاندار اور حیران کن تھری ڈی اسکلز کے مظاہرے پر حاصل کیا۔ انہوں نے بال کو ہوا میں کنٹرول کرتے ہوئے حریف ٹیم کے 4 ڈیفنڈرز کو چکمہ دیا اور شاندار گول اسکور کیا۔

اس شاندار گول کو دنیا بھر کے ہاکی شائقین کی جانب سے بے حد سراہا گیا اور انہوں نے 44 فی صد ووٹ حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ کینٹن میلویل 39 فی صد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

ایف آئی ایچ کے گلوبل سپلائر 'پولی ٹین' کی جانب سے دیے جانے والے اس معتبر ایوارڈ کے لیے دنیا بھر سے 6 بہترین لمحوں (3 مرد اور 3 خواتین) کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، جس پر 4 سے 13 ستمبر تک عالمی سطح پر ووٹنگ کروائی گئی۔ خواتین کے شعبے میں ہندوستان کی گول کیپر بیچو دیوی کاریبام 52 فی صد ووٹ لے کر فاتح قرار پائیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے عبدالرحمٰن کو اس شاندار عالمی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی یہ کامیابی پاکستان میں ہاکی کے نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔



Source link

متعلقہ پوسٹ