امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو کے ایک ساحلی رہائشی علاقے "آؤٹر سن سیٹ” میں ایک پہاڑی شیر کے گھومنے کی سنسنی خیز ویڈیو سامنے آئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی شہر سان فرانسسکو کے مشہور رہائشی علاقے آؤٹر سن سیٹ میں اس وقت سنسنی خیز صورتحال پیدا ہو گئی جب صبح ساڑھے سات بجے کے قریب سمندر کے کنارے واقع 44 ویں ایونیو اور الوا اسٹریٹ کے قریب ایک بڑا پہاڑی شیر سڑکوں پر کھلے عام گھومتا ہوا دیکھا گیا۔
جنگلی جانور کی آبادی میں اچانک موجودگی کی اطلاع ملتے ہی اینیمل کنٹرول اور محکمہ جنگلی حیات کی ٹیمیں ہنگامی بنیادوں پر موقع پر پہنچ گئیں۔ لاؤڈ اسپیکرز پر اعلانات کیے گئے، جس میں شہریوں کو ہدایت "گھروں کے اندر رہنے اور خطرہ ٹل جانے تک باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی۔
ایک رہائشی شین جارڈن نے میڈیا کو بتایا کہ اچانک پولیس کی گاڑیوں کے سائرن گونج اٹھے اور اہلکار میگافون (بول ہارنز) پر اونچی آواز میں اعلانات کر رہے تھے کہ تمام لوگ فوری طور پر پیچھے ہٹ جائیں اور اپنے اپنے گھروں کے اندر چلے جائیں۔ کچھ ہی منٹوں میں ہمیں معلوم ہوا کہ ایک خونخوار شیر سڑکوں پر دوڑ رہا ہے، جس نے سب کو شدید خوفزدہ کر دیا تھا۔
جب اینیمل کنٹرول کی ٹیموں نے شیر کو قابو کرنے کی کوشش کی تو مناظر انتہائی ڈرامائی ہو گئے۔ جیسے ہی ماہرین نے اسے بے ہوش کرنے کے لیے پہلا ڈارٹ (Tranquilizer injection) مارا، شیر خوفزدہ ہو کر تیزی سے بھاگا۔ وہاں موجود میڈیا نمائندوں اور شہریوں کو سیکیورٹی کے پیشِ نظر فوری طور پر مزید پیچھے دھکیل دیا گیا۔
شیر سڑک کے کونے پر رکنے کے بعد اچانک قریبی جھاڑیوں میں غائب ہو گیا، جہاں دونوں طرف سے ایک بار پھر تناؤ کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والے اس اعصاب شکن مقابلے کے بعد، وائلڈ لائف حکام شیر پر دوسرا نشانہ لگا کر اسے مکمل طور پر بے ہوش کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ سیزر (Capture) آپریشن کے دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سان فرانسسکو میں پہاڑی شیر دیکھے جانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل 5 ستمبر کو بھی ایک شیر کو درخت پر بیٹھے دیکھا گیا تھا اور اب یہ تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ کیا یہ وہی پرانا شیر ہے یا کوئی نیا جانور آبادی میں نکل آیا ہے۔

