ڈیرہ اسماعیل خان:
درازندہ امن میلہ جوائنٹ چیک پوسٹ دھماکے میں شہید کسٹمز حوالدار فرمان، سپاہی اسامہ اور ریسکیو 1122 اہلکار شریف اللہ کی نماز جنازہ اعجاز شہید پولیس لائنز میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ میں کمشنر ڈیرہ ڈویژن داور خان، اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر سلمان عادل شاہ، آر پی او غلام مبشر میکن، ڈی پی او ضیاء الدین احمد سمیت اعلیٰ حکام، پولیس، سیکیورٹی فورسز، کسٹمز اور ریسکیو 1122 کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی جبکہ افسران و اہلکاروں نے پھول چڑھائے اور شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ڈی آئی جی ڈیرہ اسماعیل خان نے کہا کہ امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔

